انجری کے باعث مچل مارش کے پاک آسٹریلیا ون ڈے سیریز سے باہر ہونے کا امکان

30 سالہ کھلاڑی نے فیلڈنگ ڈرل کے دوران اپنے کولہے کے فلیکسر کو زخمی کیا، خدشہ ہے کہ وہ وائٹ بال گیمز سے باہر ہو جائیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 28 مارچ 2022 13:30

انجری کے باعث مچل مارش کے پاک آسٹریلیا ون ڈے سیریز سے باہر ہونے کا امکان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 مارچ 2022ء ) آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل دھچکا لگا ہے کیونکہ اسٹار آل راؤنڈر مچل مارش اتوار کو قذافی اسٹیڈیم میں پہلے ون ڈے سے قبل ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران انجری کا شکار ہو گئے تھے۔ 30 سالہ کرکٹر نے فیلڈنگ ڈرل کے دوران اپنے کولہے کے فلیکسر کو زخمی کر لیا اور توقع ہے کہ وہ وائٹ بال گیمز سے باہر ہو جائیں گے۔

حال ہی میں ختم ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں شاندار کردار ادا کرنے والے کیمرون گرین مارش کی جگہ لیں گے۔ آسٹریلین وائٹ بال کپتان ایرون فنچ نے پیر کے روز انٹرویو میں کہا کہ ہمارے خیال میں ٹریننگ کے دوران مچل مارش نے اپنے ہپ فلیکسر کو زخمی کر لیا ہے، ہمیں انتظار کرنا پڑے گا اور دیکھنا پڑے گا کہ اب ان کی حالت کیسی ہے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ وہ اس سیریز کے لیے دستیاب ہو گا ، اس نے فیلڈنگ ڈرل میں تکلیف محسوس کی تھی، یہ ایک تیز رفتار ڈرل تھی اور وہ اس دوران ایک ہاتھ سے گیند اٹھانے کے لیے نیچے جھکا اور پھینکنے کے لیے گیا اور ایک جھٹکا محسوس کیا۔

(جاری ہے)

کیمرون گرین نے آسٹریلیا کے لیے صرف ایک ون ڈے کھیلا ہے۔ فنچ کو یقین ہے کہ وہ پچاس اوور کے کھیلوں میں اپنی ٹیسٹ کارکردگی کو دہرائیں گے۔ فنچ نے کہا کہ کیمرون گرین کھیلے گا اور شاید اس مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرے گا،ہم نے دیکھا ہے کہ وہ ایک انتہائی باصلاحیت کرکٹر ہے، وہ ایسا شخص ہے جو اپنے ٹیسٹ کیریئر میں کافی مستقل مزاج رہا ہے، بلے اور گیند کے ساتھ اس کی پرفامنس نظر انداز نہیں کی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ مہمان ٹیم پہلے ہی مچل سٹارک، جوش ہیزل ووڈ، پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، سٹیو سمتھ اور کین رچرڈسن کے بغیر ون ڈے سیریز کھیل رہی ہے۔ 3 ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا ون ڈے منگل سے شروع ہوگا۔
وقت اشاعت : 28/03/2022 - 13:30:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :