ہرشل گبز نے کشمیر پریمیئر لیگ کیخلاف ہندوستان کی سازشوں کو بے نقاب کردیا

جے شاہ نے پیغام بھیجا تھا کہ اگر کشمیر پریمیئر لیگ میں شامل ہوئے تو آئی پی ایل سمیت بھارت میں کرکٹ سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جائیگی: سابق جنوبی افریقی اوپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 28 مارچ 2022 14:45

ہرشل گبز نے کشمیر پریمیئر لیگ کیخلاف ہندوستان کی سازشوں کو بے نقاب کردیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 مارچ 2022ء ) ہرشل گبز نے کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت سے روکنے کے لیے بھارت کی جانب سے بلیک میلنگ کے بارے میں بات کی۔ کشمیر پریمیئر لیگ 2022ء سے پہلے ایک تقریب میں جنوبی افریقہ کے 47 سالہ سابق اوپنر نے انکشاف کیا کہ جے شاہ نے انہیں کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت پر دھمکیاں دیں۔ کشمیر پریمیئر لیگ کے خلاف بھارت کی سازشوں کو بے نقاب کرتے ہوئے ہرشل گبز نے بتایا کہ اگر وہ کشمیر پریمیئر لیگ میں شامل ہوئے تو انہیں آئی پی ایل سمیت بھارت میں کرکٹ سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے کی دھمکی دی گئی۔

سابق کرکٹر نے شیئر کیا کہ جے شاہ نے انہیں ایک پیغام بھیجا کہ وہ خود کو کشمیر پریمیئر لیگ سے الگ کر لیں، بصورت دیگر، انہیں ہندوستان میں کرکٹ سے متعلق کام سے محروم ہونا پڑے گا۔

(جاری ہے)

دھمکیوں کا جواب دیتے ہوئے ہرشل گبز نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی کو کرکٹ میں سیاست لانے کے خلاف مشورہ دیا جس سے سابق بھارتی کرکٹر نے اتفاق نہیں کیا۔

بھارت کی جانب سے بلیک میلنگ کے باوجود ہرشل گبز نہ صرف کشمیر پریمیئر لیگ کے دوسرے سیزن میں نظر آئیں گے بلکہ انہوں نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیاسی مفادات کو بھی بے نقاب کیا۔ مزید برآں سابق جنوبی افریقی سٹار نے لیگ سے اپنی بڑی امیدوں کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ دنیا کی ٹاپ ٹی ٹونٹی لیگز بن جائے گی۔ ہرشل گبز نے یہ بھی کہا کہ وہ بھارت کے سیاسی دباؤ کی وجہ سے کشمیر جیسے ٹیلنٹ کے مرکز کو نہیں چھوڑیں گے۔
واضح رہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ کا دوسرا ایڈیشن 7 اگست 2022ء کو شروع ہوگا، ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں حصہ لیں گی، راولاکوٹ ہاکس دفاعی چیمپئن ہے جس نے KPL کا پہلا ایڈیشن جیتا تھا۔
وقت اشاعت : 28/03/2022 - 14:45:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :