کبڈی ٹاکرا میں عرفان مانا کی ٹیم پاکستان وائٹ نے شفیق چشتی کی ٹیم پاکستان گرین کو 41-39 سے شکست دیدی

فاتح ٹیم کو5لاکھ روپے جبکہ رنراپ ٹیم کو3 لاکھ روپے کے انعامات دیئے گئے، بہترین جاپھی رانا علی شان اور بہترین ریڈر شفیق چشتی قرار پائے

جمعہ 1 اپریل 2022 22:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2022ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام کبڈی ورلڈ کپ2020ء جیتنے والے کپتان عرفان مانا کی ٹیم پاکستان وائٹ نے سپورٹس سٹیڈیم منڈی شاہ جیونہ جھنگ میں کبڈی ٹاکرا کے شاندار مقابلے میں دنیا کے ٹاپ کبڈی سٹار شفیق چشتی کی پاکستان گرین ٹیم کو41-39 سے شکست دیدی، فاتح ٹیم پاکستان وائٹ کو5لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم پاکستان گرین کو3 لاکھ روپے کے انعامات دیئے گئے،کبڈی ٹاکرا کے بہترین جاپھی رانا علی شان اور بہترین ریڈرشفیق چشتی کو 20،20 ہزارروپے کے نقد انعامات دیئے گئے ۔

اس موقع پرڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر، چیف سپورٹس کنسلٹنٹ سپورٹس بورڈ پنجاب محمدحفیظ بھٹی، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ڈی جی خان عطا الرحمن، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جھنگ ایم جمیل اور کبڈی کے شائقین کی بڑی تعدادموجود تھی،پاکستان کے ٹاپ کبڈی کھلاڑیوں عرفان مانا، شفیق چشتی، لالہ عبید اللہ، مشرف جنجوعہ، نفیس گجر، رانا علی شان، محسن واہلہ، ساجد گجر، رمضان جانی نے کبڈی ٹاکرا میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ہزاروں کبڈی شائقین سے خوب داد وصول کی۔

(جاری ہے)

جھنگ کبڈی فیسٹیول کے فائنل میں تحصیل جھنگ کی کبڈی ٹیم نے تحصیل شورکوٹ کی ٹیم کو37-35 سے شکست دیدی۔ جیتنے والی ٹیم تحصیل جھنگ کو دو لاکھ روپے اور رنر اپ تحصیل شورکوٹ کو ایک لاکھ پچاس ہزار روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم تحصیل احمد پور سیال کو پچاس ہزار روپے کے نقد انعامات دیئے گئے، جھنگ کبڈی فیسٹیول کے بہترین جاپھی فرحان گجر اور بہترین ریڈر شانی گجر کو 15،15ہزار روپے کے انعامات دیئے گئے، دیگر میچوں میں جھنگ نے تحصیل اٹھارہ ہزاری کبڈی ٹیم کو 35-21 سے، شورکوٹ نے مقامی ٹیم کو 30-25 سے اور احمد پور سیال نے مقامی ٹیم کو 28-22 کے فرق سے شکست دی ، تماچے دار کبڈی کے میچ کو دیکھ کر شائقین نے خوب داد دی ۔
وقت اشاعت : 01/04/2022 - 22:59:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :