ون ڈے میں بہترین ریٹنگ پوائنٹس ، بابر اعظم نے سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا

قومی ٹیم کے کپتان نے آسٹریلیا کے مائیکل بیون کو بھی اعزاز سے محروم کردیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 6 اپریل 2022 16:44

ون ڈے میں بہترین ریٹنگ پوائنٹس ، بابر اعظم نے سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 اپریل 2022ء ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی اب تک کی بہترین ون ڈے ریٹنگ پوائنٹس میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے عظیم بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا۔ قومی ٹیم کے کپتان کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور انہوں نے بہترین فارم کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز میں 276 رنز سکور کیے۔

اس بہترین کارکردگی کی بدولت عالمی نمبر ایک بلے باز نے اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے اور ان کے ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد 891 ہو گئی ہے۔ ان ریٹنگ پوائنٹس کی بدولت بابراعظم نے سابق عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر اور آسٹریلین لیجنڈ مائیکل بیون دونوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سچن ٹنڈولکر کی جانب سے کیریئر میں حاصل کیے گئے سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد 887 تھی جبکہ بیون نے 885 پوائنٹس تک رسائی حاصل کی۔

(جاری ہے)

ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس کا اعزاز عظیم ویسٹ انڈین بلے باز سر ویوین رچرڈز کے پاس ہے جنہوں نے 935 پوائنٹس حاصل کیے۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ایشین بریڈمین کے نام سے مشہور ظہیر عباس ہیں جنہوں نے 931 پوائنٹس حاصل کیے۔ آسٹریلیا کے گریگ چیپل 921 پوائنٹس لیکر تیسرے، سابق برطانوی بلے باز ڈیوڈ گووار 919 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، آنجہانی آسٹریلین بلے باز ڈین جونز 918 پوائنٹس کے ساتھ 5 ویں جب کہ سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی 911 پوائنٹس حاصل کرکے اس فہرست میں چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں، اس فہرست میں ساتویں نمبر پر پاکستان کے جاوید میانداد بھی موجود ہیں جنہوں نے 910 پوائنٹس حاصل کیے۔
وقت اشاعت : 06/04/2022 - 16:44:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :