پی سی بی کا ویسٹ انڈیز سیریز میں کورونا پروٹوکولز ختم کرنے کا فیصلہ

کھلاڑیوں، کوچنگ سٹاف کو بائیو ببل ماحول میں نہیں رہنا پڑے گا، ایک دوسرے کیساتھ بات چیت کرنے میں بھی آزاد ہوںگے اور کرکٹ پہلے کی طرح عام ماحول میں کھیلی جائیگی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 7 اپریل 2022 13:36

پی سی بی کا ویسٹ انڈیز سیریز میں کورونا پروٹوکولز ختم کرنے کا فیصلہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 اپریل 2022ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے شروع ہونے والے مستقبل میں شیڈول ہوم میچز کے لیے کورونا فری پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کو بائیو ببل ماحول میں نہیں رہنا پڑے گا۔ وہ ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کرنے میں بھی آزاد ہوں گے اور کرکٹ پہلے کی طرح عام ماحول میں کھیلی جائے گی۔

پی سی بی یہ تجویز کرکٹ ویسٹ انڈیز (سی ڈبلیو آئی) کو بھی بھیجے گا تاکہ سیریز کو کورونا سے پاک ماحول میں کھیلی جائے۔ مجوزہ منصوبہ بندی میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی آمد اور سیریز کے دوران ہر دوسرے دن کورونا ٹیسٹ شامل نہیں ہوگا۔ ٹیسٹ صرف اس صورت میں کیا جائے گا جب کسی کھلاڑی کی طرف سے علامات ظاہر ہوں۔

(جاری ہے)

کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں مذکورہ فرد کو 5 دنوں کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

پاکستان کی تمام انٹرنیشنل سیریز اور ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں بھی یہی پالیسی اپنائی جائے گی۔ پی سی بی نے حال ہی میں ختم ہونے والے پاکستان ون ڈے کپ میں بائیو ببل نہیں بنایا، کھلاڑیوں کو ذاتی طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا، پی سی بی کی جانب سے کوئی سختی نہیں کی گئی۔ پاکستان کپ میں کھیلے گئے 33 میچوں کے دوران ایک بھی کووِیڈ کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

اس کامیاب تجربے کے بعد پی سی بی حکام نے کووِیڈ کی حکمت عملی تبدیل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کو بھی ختم کر دیا گیا ہے جس کے بعد تمام حکومتی پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔ ملک بھر میں کووڈ کی صورتحال اب بہت بہتر ہے۔ ان تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے پی سی بی نے کرکٹ کے مستقبل کے لیے یہ اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق دو طرفہ سیریز کے لیے کووڈ پروٹوکول ختم کرنے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔ دونوں کرکٹ بورڈز فیصلہ کر سکتے ہیں کہ سیریز کس پروٹوکول کے تحت کرانی ہے۔ پی سی بی کوویڈ کے معاملات پر کرکٹ ویسٹ انڈیز (سی ڈبلیو آئی) سے بھی بات کرے گا۔ اس معاملے میں مہمان بورڈ کی رضامندی ضروری ہے۔
وقت اشاعت : 07/04/2022 - 13:36:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :