بابر اعظم اور شاداب خان کی لاہور کی گلیوں میں افطاری بانٹنے کی ویڈیو وائرل

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے جاتے ہی فوراً وائرل ہوگئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 8 اپریل 2022 12:08

بابر اعظم اور شاداب خان کی لاہور کی گلیوں میں افطاری بانٹنے کی ویڈیو وائرل
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 اپریل 2022ء ) رمضان المبارک کے مبارک مہینے میں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور ان کے نائب شاداب خان نے جمعرات کو لاہور کی سڑک پر افطاری تقسیم کی۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی اور پوسٹ ہونے کے چند گھنٹوں بعد ہی وائرل ہوگئی۔
یہ پہلا موقع نہیں جب پاکستانی کرکٹرز نے اس قسم کی مہربانی کا مظاہرہ کیا ہے کیونکہ اس سے قبل عابد علی کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ٹیسٹ میچ کی اننگز کے وقفے کے دوران پرندوں کو کھانا کھلا رہے تھے۔

دائیں ہاتھ کے بلے باز کافی عرصے سے اپنے گھر سے دور تھے کیونکہ پہلے انہوں نے پی ایس ایل 7 میں کراچی کنگز کی کپتانی کی اور بعد میں آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز تھی۔ بابر نے پی ایس ایل 7 کی خراب مہم کے بعد آسٹریلیا کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے 78 کی اوسط سے 390 رنز بنائے جس میں پانچ اننگز میں ایک 196 رنز کی شاندار باری اور دو نصف سنچریاں شامل تھیں۔

بابر اعظم نے ون ڈے میں بیک ٹو بیک سنچریاں سکور کیں اور 138 کی اوسط سے 276 رنز بنانے پر لگاتار دو پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کیا، جس میں دو سنچریاں اور ایک نصف سنچری شامل تھی۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان واحد ٹی ٹونٹی میچ میں بھی سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے جہاں انہوں نے 46 گیندوں پر 66 رنز بنائے۔ بابر اعظم کے پورے پاکستان اور خاص طور پر لاہور میں کافی مداح ہیں۔ شائقین کو اپنے پسندیدہ سٹار کھلاڑی کے اس طرح کے خیراتی کام بہت پسند ہیں ۔ پاکستانی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کو بھی اپنے کپتان کے ساتھ ویڈیو میں افطاری تقسیم کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ 23 سالہ آل راؤنڈر نے انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں کوئی میچ نہیں کھیلا۔
وقت اشاعت : 08/04/2022 - 12:08:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :