شاہین آفریدی اور رضوان ،مہیلا جے وردھنے کی ڈریم ٹی 20 ٹیم میں شامل

شاہین کی نئی گیند کیساتھ بولنگ کافی اچھی رہی ،اختتامی اوورز میں بھی بہت اچھی بولنگ کرتے ہیں، وکٹ کیپر بیٹر رضوان پاکستان کیلئے اوپن کرتے ہیں مگر مڈل آرڈر میں بھی اتنے ہی کامیاب ثابت ہوسکتے ہیں، رضوان سپن بولنگ کھیلنے کےماہر ہیں: سابق لنکن کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 5 مئی 2022 11:28

شاہین آفریدی اور رضوان ،مہیلا جے وردھنے کی ڈریم ٹی 20 ٹیم میں شامل
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 مئی 2022ء ) پاکستانی سپر سٹارز عالمی الیونز کا لازمی جزو بن گئے۔ انٹرنیشنل کرکٹ میں 2021ء پاکستانی کرکٹرز کیلیے انتہائی شاندار رہا جس دوران پرفارمنسز کی وجہ سے پاکستانی سپر سٹارز نے کئی انٹرنیشنل ایوارڈز جیتے ،وہ کئی موجودہ اور سابق پلیئرز کی الیونز کا حصہ بھی بن رہے ہیں، سابق سری لنکن کپتان مہیلا جے وردنے کی ڈریم الیون کے 5 ٹاپ کرکٹرز میں بھی پاکستانی شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان شامل ہیں۔

اس بارے میں جے وردنے نے کہا کہ اگر میرے پاس کوئی ٹی 20 ڈریم الیون منتخب کرنے کا اختیار ہوتا تو لازمی طور پر ٹاپ 5 کھلاڑیوں میں افغانی راشد خان، پاکستانی شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان، بھارتی جسپریت بمرااور انگلینڈ کے جوز بٹلر شامل ہوتے۔

(جاری ہے)

شاہین کے بارے میں جے وردنے نے کہا کہ گذشتہ برس ورلڈ کپ میں انھوں نے انتہائی شاندار پرفارم کیا، نئی گیند کے ساتھ ان کی بولنگ کافی اچھی رہی اور وہ اس کو جلد سوئنگ کرنے میں بھی کامیاب رہے، وہ اختتامی اوورز میں بہت اچھی بولنگ کرتے ہیں، میں ان کو اپنی الیون میں ایک شاندار اٹیکنگ آپشن کے طور پر شامل کرتا۔

جے وردنے نے کہا کہ وکٹ کیپر بیٹر کیلیے میں رضوان کے ساتھ جاؤں گا، میں جانتا ہوں کہ وہ اکثر پاکستان کی جانب سے بیٹنگ اوپن کرتے ہیں مگر میں سمجھتا ہوں کہ مڈل آرڈر میں بھی اتنے ہی کامیاب ثابت ہوسکتے ہیں، رضوان اسپن بولنگ کا سامنا کرنے میں بھی ماہر ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اگر میرے بس میں ہوتا تو کرس گیل جب 30 برس کی عمر کے تھے تب ان کی جوز بٹلر کے ساتھ جوڑی بناتا،یہ دنیا کا سب سے بہترین اوپنگ پیئر ہوتا۔
وقت اشاعت : 05/05/2022 - 11:28:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :