دورہ سری لنکا ، پاکستان نے ون ڈے سیریز ختم کرنے کی درخواست منظور کرلی

سری لنکا کرکٹ نے پی سی بی سے ون ڈے سیریز ختم کرنیکی درخواست کی تھی کیونکہ وہ مالی خسارہ کم کرنے کیلئے مقررہ وقت سے ایک ہفتہ قبل لنکا پریمیئر لیگ کرانیکا منصوبہ بنا رہے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 9 مئی 2022 11:43

دورہ سری لنکا ، پاکستان نے ون ڈے سیریز ختم کرنے کی درخواست منظور کرلی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 مئی 2022ء ) قومی کرکٹ ٹیم اب سری لنکا کے دورے پر صرف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں شرکت کرے گی کیوں کہ تین میچوں کی ون ڈے سیریز جو کہ آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ نہیں تھی، ختم کر دی گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی تصدیق کی ہے کہ سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) نے پی سی بی سے ون ڈے ختم کرنے کی درخواست کی تھی کیونکہ وہ مقررہ وقت سے ایک ہفتہ قبل لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کرانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے کہا کہ سری لنکن بورڈ مالی خسارے کو کم کرنے کے لیے ایک ہفتہ قبل اپنی لیگ شروع کرنا چاہتا ہے، اس لیے انہوں نے ہم سے ون ڈے سیریز ختم کرنے کا کہا جسے قبول کر لیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 'چونکہ ون ڈے ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ نہیں تھے اس لیے ہم نے اعتراض نہیں کیا۔

(جاری ہے)

سیریز کے حتمی شیڈول پر ابھی بات چیت جاری ہے اور جلد ہی اسے جاری کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب سری لنکا میں بین الاقوامی کرکٹ کے مستقبل کا انحصار دورہ آسٹریلیا پر ہے۔ اگر آسٹریلیا نے جزیرہ نما ملک کو نہیں کہا تو اگست/ستمبر میں ہونے والے ایشیا کپ کی میزبانی بھی خطرے میں پڑ جائے گی۔ کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اور جلد ہی حتمی فیصلہ کرے گا۔ سری لنکا ان دنوں شدید معاشی اور سیاسی بحران سے دوچار ہے جس سے عوام میں بے چینی بڑھ گئی ہے۔

شہری حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں جبکہ مقامی لوگوں کو صرف 12 گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ ملک میں بجلی کی قلت کے باعث ڈے اینڈ نائٹ میچز کا انعقاد غیر یقینی ہے۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ اپنے جنریٹر استعمال کرتا ہے لیکن ایندھن کی قلت بنیادی رکاوٹ بن سکتی ہے۔ ادھر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اور بی سی سی آئی پہلے ہی سری لنکا کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے اختتام پر ایونٹ سری لنکا میں منعقد ہوگا یا نہیں اس کا فیصلہ کیا جائے گا۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو پہلے ہی متبادل مقام کے طور پر منتخب کیا جا چکا ہے۔
وقت اشاعت : 09/05/2022 - 11:43:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :