ورلڈ کپ 2003ء ، عبدالرزاق اگر سچن ٹنڈولکر کا کیچ لے لیتے تو میچ کا پانسہ پلٹ سکتا تھا :محمد کیف

عبدالرزق مڈ آف پوزیشن سے بہت دور کھڑے تھے جس کے باعث ٹنڈولکر کو نئی زندگی ملی اور پاکستانی ٹیم میچ میں واپس نہ آسکی: سابق بھارتی بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 16 مئی 2022 11:54

ورلڈ کپ 2003ء ، عبدالرزاق اگر سچن ٹنڈولکر کا کیچ لے لیتے تو میچ کا پانسہ پلٹ سکتا تھا :محمد کیف
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 مئی 2022ء ) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز محمد کیف نے انکشاف کیا ہے کہ 2003ء کے پاک بھارت ورلڈکپ میچ کے دوران سچن ٹنڈولکر کیچ ڈراپ ہونے کے وقت عبدالزق مڈ آف پوزیشن سے بہت دور کھڑے تھے جس کے باعث سچن کو نئی زندگی ملی اور پاکستان کی ٹیم میچ میں واپس نہ آسکی۔ سپورٹس ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز محمد کیف نے کہا کہ 2003ء کے ورلڈ کپ میچ کے دوران پاکستان کے پاس ٹنڈولکر کو آؤٹ کرنے کا موقع تھا تاہم عبدالرزاق مڈ آف پر گیند کو پکڑنے میں ناکام رہے جس کے باعث وسیم اکرم غصے میں تھے۔

کیف نے واقعے پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ رزاق مڈ آف پر نہیں کھڑے تھے البتہ وہ بولرز کے بہت قریب تھے، اگر رزاق سچن کا کیچ لے لیتے تو میچ کا پانسہ پلٹ سکتا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سچن اچھی بلے بازی کررہے تھے، میرا کردار ان کا ساتھ دینا تھا۔ مجھے ڈریسنگ روم سے ہدایات ملی تھیں کہ سچن ٹنڈولکر اچھی فارم میں ہیں انہیں اٹیکنگ کرکٹ کھیلنے دیں۔

پاکستان کے خلاف اس میچ میں ٹنڈولکر اور کیف نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 103 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تھی جبکہ کیف نے 60 گیندوں پر 35 رنز بنائے تھے اور میچ کو بھارت کے حق میں موڑ دیا تھا۔ واضح رہے کہ بھارتی ٹیم نے اس ورلڈکپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی تاہم اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں 125 رنز سے شکست کی حزیمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
وقت اشاعت : 16/05/2022 - 11:54:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :