کار حادثے کے بعد مقامی شخص نے اینڈریو سائمنڈز کو بچانے کی کوشش کی

سب سے پہلے جائے وقوعہ پر پہنچا، سابق آسٹریلین کرکٹر کو سی پی آر دینا شروع کی اور نبض چیک کی لیکن مجھے ان کی طرف سے حوصلہ افزاء ردعمل نہیں ملا : ویلن ٹاؤنسن

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 16 مئی 2022 12:40

کار حادثے کے بعد مقامی شخص نے اینڈریو سائمنڈز کو بچانے کی کوشش کی
ٹاؤنس وِل (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 مئی 2022ء ) آسٹریلین میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک شخص نے آسٹریلیا کے سابق کرکٹر اینڈریو سائمنڈز کو ہفتے کی رات کوئنز لینڈ میں کار حادثے کے بعد بچانے کی کوشش کی تھی ۔ آل راؤنڈر اور 2003ء اور 2007ء کا ورلڈ کپ جیتنے والے آنجہانی کھلاڑی ہفتہ کو رات گئے ریاست کوئنز لینڈ کے شمالی شہر ٹاؤنس وِل کے قریب کار حادثے کے بعد 46 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

مقامی رہائشی ویلن ٹاؤنسن نے نائن نیٹ ورک کو بتایا کہ اس نے حادثے کی آواز سنی تھی اور وہ سب سے پہلے جائے وقوعہ پر تھے۔ انہوں نے کہا کہ سائمنڈز کار میں پھنسے ہوئے تھے اس لیے میں نے انہیں باہر نکالنے کی کوشش کی۔ ویلن ٹاؤنسن کا کہنا تھا کہ انہوں نے سابق آسٹریلین کرکٹر کو سی پی آر دینا شروع کیا اور اس کی نبض چیک کی لیکن مجھے اس کی طرف سے زیادہ جواب نہیں ملا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پولیس نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ ایمرجنسی سروسز نے بھی سائمنڈز کو بچانے کی کوشش کی لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ یہ واضح نہیں تھا کہ سائمنڈز کی فور وہیل ڈرائیو گاڑی پشتے سے نیچے جانے سے پہلے سڑک سے کیوں ہٹ گئی۔ سائمنڈز کی موت اس وقت ہوئی جب آسٹریلوی کرکٹ اب بھی عظیم کھلاڑی راڈ مارش اور شین وارن کے انتقال کے غم سے نہیں نکل پائی ہے جو رواں سال مارچ میں انتقال کر گئے تھے۔ اینڈریو سائمنڈز نے 1998ء سے 2009ء کے درمیان آسٹریلیا کے لیے 198 ون ڈے، 46 ٹیسٹ اور 14 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے اور 2 مرتبہ آسٹریلوی ورلڈ چیمپئن سکواڈ کا حصہ بھی رہے۔
وقت اشاعت : 16/05/2022 - 12:40:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :