پاکستان ہاکی ٹیم مینجمنٹ قومی ٹیم کے دفاع کے شعبے سے پریشان

ایشیا کپ کی تیاری کیلئے لاہور میں جاری ٹریننگ کیمپ میں دفاع پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، رپورٹ ہاکی فیڈریشن نے کیمپ میں گول کیپرز پر توجہ دینے کیلئے سابق گول کیپرز کی خدمات حاصل کیں ،عمران بٹ بھی شامل تھے

پیر 16 مئی 2022 15:18

پاکستان ہاکی ٹیم مینجمنٹ قومی ٹیم کے دفاع کے شعبے سے پریشان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2022ء) ایک مرتبہ پھر ایشیا کپ کیلئے روانگی سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم مینجمنٹ دفاع کے شعبے کی وجہ سے پریشان ہے ، ایشیا کپ کی تیاری کیلئے لاہور میں جاری ٹریننگ کیمپ میں دفاع پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین کا کہنا ہے کہ دورہ یورپ میں پاکستان ٹیم کے خلاف زیادہ گول ہو ئے ٹیم کے خلاف اتنے گول نہیں ہونے چاہئیں،یہی ہم نے دورہ یورپ سے سیکھا ہے، اپنی غلطیوں پر قابو پانا ہے اور دفاع کے شعبے کو مضبوط بنانا ہے، دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے ہی پریکٹس سیشنز کیے ہیں اور اس وقت زیادہ توجہ اسی پر ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کیمپ میں گول کیپرز پر توجہ دینے کے لیے سابق گول کیپرز کی خدمات حاصل کیں ان میں عمران بٹ بھی شامل تھے اس حوالے سے عمران بٹ نے کہا کہ گول کیپرز کو انٹر نیشنل لیول کیلئے تیار کر رہے ہیں، ایشیا کپ میں بھارت اور جاپان جیسی ٹیموں کے ساتھ بھی مقابلہ ہے ، انٹر نیشنل ٹیموں کو مدنظر رکھ کر ٹریننگ کرانے کی کوشش کی ہے۔

(جاری ہے)

عمران بٹ نے کہاکہ ہمارے گول کیپر زنوجوان ہیں، ان میں انرجی ہے، رِدہم بھی ہے ، وہ جلد اپنا مقام بنائیں گے تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ انہیں وقت دیا جائے ، انہیں ہمیں ساتھ لے کر چلنا ہے۔سابق گول کیپر نے کہا کہ اکمل اور عبداللہ نے پہلی مرتبہ یورپ کا دورہ کیا، ان میں تجربے کی کمی ہے، انہیں ایکسپوڑر ملے گا تو مجھے یقین ہے کہ یہی گول کیپرز کامیاب ہوں گے اور پاکستان ٹیم کے دفاع کو مضبوط کریں گے کیونکہ کھیل میں 80 فیصد کام گول کیپرز کا ہوتا ہے گول کیپر چلے گا تو ٹیم اوپر آئیگی ورنہ مشکل کا ہی سامنا کرنا پڑے گا، اسی چیز پر ٹریننگ میں کام کیا جا رہا ہے۔
وقت اشاعت : 16/05/2022 - 15:18:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :