قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان حنیف خان سرسید یونیورسٹی اور علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے سپورٹس کنسلٹنٹ مقرر

پیر 16 مئی 2022 21:24

قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان حنیف خان سرسید یونیورسٹی اور علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے سپورٹس کنسلٹنٹ مقرر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2022ء) سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے کھیلوں کے فروغ اور طلبا کی تربیت کے لیے قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان حنیف خان کو سپورٹس کنسلٹنٹ مقرر کردیا ہے۔پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان حنیف خان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا،تقریب کے شرکا میں مبشر مختار، احمد عالم، ڈاکٹر ماجد، ناصر علی، پرویز اقبال اور دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر حنیف خان نے کہا ہے کہ میں ایک عملی انسان ہوں جو زبانی باتوں پر یقین نہیں رکھتا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت میرے پاس کہنے کے لیے کچھ نہیں ہے مگر مستقبل میں میرا کام ہی میری شاندار کارکردگی کا ثبوت ہوگایہ میری خواہش ہے کہ میں ایسے کھلاڑی تیار کروں جو پاکستان کے کام آئیں۔

(جاری ہے)

سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے کہاہے کہ سیاست نے جہاں اداروں کو متاثر کیا ہے وہاں کھیلوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے،کھیل کو سیاست سے الگ رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ کھیلوں کا معیار بہتر ہو اور ہم بین الاقوامی معیار کے کھلاڑی تیار کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ حنیف خان کے ساتھ ہمارا اشتراک نہ صرف اچھے کھلاڑی بلکہ اچھے انسان تیار کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
وقت اشاعت : 16/05/2022 - 21:24:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :