فٹنس مسائل ،گیل مونفلس کے بعد میٹیو بیریٹینی بھی فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے باہر

منگل 17 مئی 2022 11:10

روم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2022ء) اٹلی کے نامور ٹینس سٹار میٹیو بیریٹینی فٹنس مسائل کے بعد رواں سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ ان سے قبل فرانس کے نامور ٹینس کھلاڑی گیل مونفلس بھی انجری مسائل کے باعث میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔26سالہ میٹیو بیریٹینی اپنے دائیں ہاتھ کی سرجری کے بعد بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں۔

اطالوی ٹینس سٹار نے رواں سال مارچ کے آخر میں اعلان کیا تھا کہ وہ دائیں ہاتھ میں تکلیف کی وجہ سے اس کی معمولی سرجری کروائیں گے ۔ میٹیو بیریٹینی نے انسٹاگرام پر کہا ہے کہ دائیں ہاتھ کی سرجری کے بعد وہ بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں جس میں دن بدن بہتری آرہی ہے لیکن ابھی میں کھیل کے میدان میں واپسی کے لیے مکمل طور پر تیار نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ رواں سال کے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ واضح رہے کہ فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا آغاز 22 مئی سے ہوگا۔بیریٹینی نے گزشتہ سال کے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز مقابلون کے کوارٹر فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کی تھی جہاں ان کو نوویک جوکووچ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔میٹیو بیریٹینی سے قبل میزبان ٹینس کھلاڑی گیل مونفلس بھی پائوں کی انجری کے باعث فرنچ اوپن سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
وقت اشاعت : 17/05/2022 - 11:10:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :