ویرات کوہلی کو کشمیر پریمیئر لیگ کے دوسرے سیزن میں مدعو کرنے کا فیصلہ

ہمیں کوہلی کو دعوت نامہ بھیجنا چاہیے، کھیلنے کا فیصلہ انہوں نے خود کرنا ہے ، میں نے نجم سیٹھی کو پی ایس ایل کیلئے بی سی سی آئی سمیت تمام کرکٹ بورڈز کو دعوت نامے بھیجنے کا مشورہ دیا تھا :راشد لطیف

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 17 مئی 2022 11:49

ویرات کوہلی کو کشمیر پریمیئر لیگ کے دوسرے سیزن میں مدعو کرنے کا فیصلہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 مئی 2022ء ) پاکستان کے سابق کپتان راشد لطیف نے کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے اگلے ایڈیشن کے لیے ہندوستانی سٹار بلے باز ویرات کوہلی کو مدعو کرنے کے خیال کی حمایت کی ہے۔ راشد لطیف اس وقت کے پی ایل کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے راشد لطیف نے کہا کہ ہمیں ویرات کوہلی کو دعوت نامہ بھیجنا چاہیے تھا لیکن کھیلنے کا فیصلہ انہوں نے خود کرنا ہے ،ایسی چیز کا آغاز کرنا اچھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے نجم سیٹھی کو پی ایس ایل کے لیے تمام کرکٹ بورڈز بشمول بی سی سی آئی ، کو دعوت نامے بھیجنے کا مشورہ دیا تھا۔ تاہم، حقیقت پسندانہ طور پر دیکھا جائے تو پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات کی وجہ سے کوہلی کی لیگ میں شرکت کا امکان نہیں ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کے پی ایل کے پہلے سیزن سے قبل جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز ہرشل گبز نے بھارتی کرکٹ بورڈ پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ انہیں ایونٹ میں شرکت سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ہرشل گبز نے اپنے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ’’بی سی سی آئی کا پاکستان کے ساتھ اپنے سیاسی ایجنڈے کو برابری پر لانے اور مجھے کے پی ایل میں کھیلنے سے روکنے کی کوشش کرنا مکمل طور پر غیر ضروری ہے ،ساتھ ہی مجھے دھمکی دیتے ہوئے کہ وہ مجھے کرکٹ سے متعلق کسی کام کے لیے ہندوستان میں داخلے کی اجازت نہیں دیں گے، مضحکہ خیز ہے‘‘۔ راشد لطیف بھی ایونٹ کے اگلے سیزن سے پہلے پرجوش تھے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں اچھے وسائل ملتے ہیں تو ہم اسے اچھے طریقے سے ستعمال میں لانے اور ایک اچھا ٹورنامنٹ منعقد کرنے کی کوشش کریں گے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں اور پاکستان سے باہر لوگ لیگ سے لطف اندوز ہوں۔ ایونٹ میں دو اضافی ٹیمیں حصہ لیں گی جس سے دوسرے سیزن میں ٹیموں کی تعداد 8 ہو جائے گی۔ کے پی ایل کا اگلا ایڈیشن اگست 2022ء کے پہلے ہفتے میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ راشد لطیف کے مطابق ایونٹ کا ڈرافٹ جون میں ہونے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ راولاکوٹ ہاکس نے مظفرآباد ٹائیگرز کو 7 رنز سے شکست دے کر گزشتہ سال کشمیر پریمیئر لیگ کا افتتاحی ایڈیشن جیت لیا تھا۔
وقت اشاعت : 17/05/2022 - 11:49:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :