اولمپیئن حنیف خان سرسید یونیورسٹی میں اسپورٹس کنسلٹنٹ کی حیثیت سے طلبا کو ایتھلیٹس بنانے کی ذمہ داری نبھائیں گے

منگل 17 مئی 2022 23:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2022ء) سر سید یونیورسٹی اور علی گڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی انتظامیہ اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے درمیان ہونے والے اعلی سطحی اجلاس کے موقع پر سرسید انجینئرنگ یونیورسٹی علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے چانسلر و اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے پروفیسر ڈاکٹر جاوید انوار نے قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپیئن حنیف خان کو سرسید و علی گڑھ یونیورسٹی کا اسپورٹس کنسلٹنٹ مقرر کرنے کا اعلان کیا، اجلاس میں وائس چانسلر سر سید یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین، رجسٹرار ایس ایس یو ٹی سید سرفراز علی،جنرل سیکریٹری اے آئی ٹی و کنوینئر یونیورسٹی محمد ارشد خان, کنوینئر اسپورٹس ایس ایس ای یو ٹی قاضی نصراللہ, ڈائریکٹر اسپورٹس ایس ایس یو ٹی مبشر مختار، اسپورٹس آفیسر علی گڑھ مسلم مسلم یونیورسٹی طلعت محمود، کے ایچ اے کی جانب سے چیئرمین گلفراز احمد خان، پی ایچ ایف کے کوآرڈینیٹر و سیکریٹری کے ایچ اے حیدر حسین، اولمپئنز حنیف خان، ناصر علی, احمد عالم, سینئر نائب صدر ڈاکٹر ایس ماجد، میجر ریٹائرڈ شاہنواز، انٹر نیشنل ہاکی پلیئر پرویز اقبال, ممبران ایگزیکٹو بورڈ کے ایچ اے جاوید اقبال,محسن علی خان, عرفان طاہر,امتیاز الحسن بھی موجود تھی.۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران سر سید انجینئرنگ یونیورسٹی کے چانسلر و علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر جاوید انوار نے قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپیئن حنیف خان کو سرسید یونیورسٹی اور علی گڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کراچی کے اسپورٹس کنسلٹنٹ کی حیثیت سے ان کی تقرری کا لیٹر دیا، اس موقع چانسلر جاوید انوار کا کہنا تھا کہ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کی پوری ٹیم نے حیدر حسین کی قیادت اور ہاکی لیجنڈز حنیف خان، سمیع اللہ، ناصر علی، وسیم فیروز اور احمد عالم کی رہنمائی میں کراچی ہاکی کی ترقی میں کم وقت اتنا کام کیا ہے کہ اب شہر قائد سمیت جہاں جہاں ہاکی کا ذکر ہوتا ہے وہاں تعارفی الفاظ کے ساتھ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کا ذکر ضرور ہوتا ہے، انہوں نے حیدر حسین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرسید و علی گڑھ یونیورسٹی اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے قومی کھیل کی ترقی و ترویج کے لئے نئے انقلابی سفر کے آغاز کا سہرا سیکریٹری کے ایچ اے حیدر حسین کو جاتا ہی. اولمپیئن حنیف خان جنہیں دنیائے ہاکی لیجنڈ کے طور پر جانتی ہے ہمیں فخر ہے کہ وہ اب سرسید یونیورسٹی اور علی گڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کا حصہ بن گئے ہیں.یونیورسٹی انکے تجربات سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گی ہمیں یقین ہے عظیم اولمپئین حنیف خان بھی اپنی تمام تر صلاحیتوں اور تجربات کی روشنی میں ہمارے ادارے کے شعبہ اسپورٹس کو ملک میں ایک نمایاں مقام دلانے کی ہرممکن کوشش کریں گے، گفتگو کے دوران اولمپیئن ناصر علی نے کہا ایک جونیئر کی حیثیت سے اپنے کپتان حنیف خان کی صلاحیتوں سے بخوبی واقف ہوں. حنیف خان کام کے معاملے میں کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے میرٹ کا دوسرا نام حنیف خان ہے، سرسید یونیورسٹی نے اولمپیئن حنیف خان کی خدمات لیکر ادارے اور ہاکی کیلئے بہت بڑا کام کیا ہی.اولمپیئن احمد عالم نے کہا کہ کھیل کے میدان میں حنیف خان کی عزت میرے لئے اسی طرح واجب ہے جیسے اپنے والد محترم کی، حنیف خان استادوں کے استاد ہیں میری خوش قسمتی ہے کہ میرا شمار ان کے شاگردوں میں ہوتا ہے، اے آئی ٹی کے جنرل سیکریٹری و کنوینئر یونیورسٹی محمد ارشد خان نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اولمپیئن حنیف خان کے شامل ہونے سے ہمارے ادارے کا وقار بلند ہوا ہے، آج ہم سب کے لئے ایک قابل فخر لمحہ ہے، کے ایچ اے کے سیکریٹری حیدر حسین نے کہا کہ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ہاکی کے لئے 70 سے زیادہ طلبا رجسٹریشن کروا چکے ہیں، چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید انوار کی سرپرستی میں سرسید و علی گڑھ یونیورسٹی کی کامیابی پر کراچی والوں کو فخر ہے، یقین دلاتا ہوں کہ ہاکی سمیت تمام کھیلوں کے فروغ کے لئے کے ایچ اے کی خدمات اور سہولیات سر سید و علی گڑھ یونیورسٹی کے لئے ہر وقت حاضر ہونگی، چیئرمین کے ایچ اے گلفراز احمد خان نے کہا کہ اولمپیئن حنیف خان کی خدمات حاصل کرکے سرسید یونیورسٹی اور علیگڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے قومی کھیل سے محبت رکھنے کا ثبوت دیا ہے کے ایچ اے کے دروازے سرسید یونیورسٹی اور علیگڑھ یونیورسٹی کے طالب علموں کیلئے ہمیشہ کھلے رہیں گی. سر سید و علی گڑھ یونیورسٹی کے اسپورٹس کنسلٹنٹ اولمپیئن حنیف خان نے اپنی تقرری پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ طلبا میں تعلیم کے ساتھ کھیل کی لگن پیدا کرنا میرا حدف ہوگا، میری کوشش ہوگی کہ ایسے ایتھلیٹس تیار کروں جو ہاکی سمیت کھیل کے ہر میدان میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرکے ملک کے ساتھ یونیورسٹی کا نام بھی اونچا کریں۔
وقت اشاعت : 17/05/2022 - 23:34:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :