اریٹیرین سائیکلسٹ بینیم جرمے نے گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کا دسواں مرحلہ جیت لیا

بدھ 18 مئی 2022 09:30

روم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2022ء) اریٹیریا کے سائیکلسٹ بینیم جرمے نے گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کا دسواں مرحلہ جیت لیا۔ اس فتح کے بعد وہ گرینڈ ٹور سٹیج جیتنے والے پہلے سیاہ فام افریقی سائیکل سوار بھی بن گئے۔ اٹلی میں گیرو ڈی اٹالیہ کا 105 واں ایڈیشن جاری ہے جس میں دنیا بھر کی سائیکلنگ کی 22ٹیموں کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔

گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کے دسویں مرحلے میں سائیکل سواروں نے ساحلی شہر پیسکارا سے جیسی تک کا فیصلہ طے کرنا تھا جو پہاڑی پر 196 کلو میٹر پر محیط تھا۔22 سالہ اریٹیرین سائیکلسٹ بینیم جرمے نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 196 کلومیٹر کا فاصلہ 4 گھنٹے 32 منٹ اور 7 سیکنڈز میں طے کرکے دسویں مرحلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

ہالینڈ کے سائیکل سوار میتھیو وین ڈیر پوئل نے دوسری جبکہ اطالوی سائیکل سوار ونسنزو البانی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ہسپانوی سائیکل سوار جوان پیڈرو لوپیز نے پرتگال کے جواؤ المیڈا پر 12 سیکنڈ کی برتری حاصل کرتے ہوئے گلابی جرسی کو برقرار رکھا ہوا ہے۔گیرو ڈی اٹالیہ ایک گرینڈ ٹور سائیکلنگ سٹیج ریس ہے جو تین ہفتوں میں مکمل ہوگی۔ گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 3.445.6 کلو میٹر کا سفر طے کریں گے ۔ گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 24 روز جاری رہنے کے بعد 29 مئی کو اختتام پذیر ہوگی۔
وقت اشاعت : 18/05/2022 - 09:30:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :