سری لنکا کے خلاف وائیٹ بال سیریز کے لیے قومی خواتین سکواڈز کا اعلان

بدھ 18 مئی 2022 23:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2022ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کیخلاف 24مئی سے شروع ہونے والی وائیٹ بال سیریز کے لیے قومی خواتین کرکٹ سکواڈز کااعلان کردیا ہے، وکٹ کیپر بیٹر گل فیروزہ اور لیگ سپنر طوبہ حسن کو قومی خواتین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ملتان اور لاہور سے تعلق رکھنے والی بالترتیب گل فیروزہ اور صدف شمس کو 15رکنی قومی خواتین ایک روزہ سکواڈ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔

سیریز میں شامل تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 24، 26 اور 28 مئی کو کھیلے جائیں گے۔ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز یکم، تین اور پانچ جون کو کھیلے جائیں گے۔ویمنز چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال نے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ اور کپتان بسمہ معروف سے مشاورت کے بعد دونوں سکواڈز کا انتخاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے 9 مئی سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر اور نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری پری سیریز کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی، فٹنس اور فارم کا جائزہ لینے کے بعد سکواڈ کا انتخاب کیا ہے۔

کپتان بسمہ معروف، فاطمہ ثنا، عالیہ ریاض اور ڈیانا بیگ بھی دبئی میں فیئر بریک انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی ایونٹ میں شرکت کے بعد کراچی پہنچ گئی ہیں۔ یہ چاروں کھلاڑی 21 مئی بروز ہفتہ سے سکواڈ کو جوائن کریں گی۔سری لنکا کے خلاف لگایا جانے والا پری سیریز کیمپ آج مکمل ہوجائے گا۔ چیف سلیکٹر ویمنز کرکٹ اسماویہ اقبال نے قومی خواتین ٹی ٹونٹی اور ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ ز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گل فیروزہ، صدف شمس اور طوبہ حسن مستقبل میں بھی ویمنز کرکٹ میں بہترین اضافہ ثابت ہونے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

ان تینوں کھلاڑیوں نے دسمبر میں منعقدہ ایمرجنگ کیمپ کے دوران بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا لہذا ان کے انٹرنیشنل کرکٹ میں داخلے کے لیے یہ موزوں وقت ہے۔انہوں نے کہا کہ طوبہ حسن کو حالیہ ورلڈکپ میں بحیثیت ریزرو کھلاڑی بھیجا گیا تھا، وہ ایک اچھی اسپنر ہیں جو پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کے بالنگ ڈیپارٹمنٹ کو مزید تقویت بخشیں گی۔

انہوں نے کہا کہ گل فیروزہ اور صدف شمس کے کھیل میں بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ اسماویہ اقبال نے مزید کہا کہ اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں کی فٹنس اور فارم کا جائزہ لینے کے لیے پری سیریز کیمپ کے دوران ٹی ٹونٹی اور پچاس اوورز کے متعدد پریکٹس میچز کھیلے گئے، جس کی بنیاد پر ون ڈے اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اسکواڈز کا انتخاب کیا گیا۔وہ پرامید ہیں کہ دونوں ممالک کے مابین سیریز میں بھرپور مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اسکواڈ میں بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، گل فیروزہ، ارم جاوید، کائنات امتیاز، منیبہ علی صدیقی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال اور طوبہ حسن کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈمیں بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، غلام فاطمہ، گل فیروزہ، منیبہ علی صدیقی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین اور سدرہ نواز کو شامل کیا گیا ہے۔

سپورٹ سٹاف میں آسیہ خان (منیجر)، ڈیوڈ ہیمپ (ہیڈ کوچ)، سلیم جعفر (بالنگ کوچ)، وقار اورکزئی (اسسٹنٹ کوچ)، صبور احمد (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)، رفعت اصغر گل (فزیو تھراپسٹ)، ڈاکٹر محمد خرم (ڈاکٹر) اور زبیر احمد (اینالسٹ) شامل ہیں۔شیڈول کے مطابق 24مئی کو پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا جائے گا جبکہ 26 اور 28مئی کو بالترتیب دوسرا اور تیسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا جائے گا، اسی طرح یکم، 3 اور 5 جون کو بالترتیب پہلا، دوسرا اور تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں دونوںٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
وقت اشاعت : 18/05/2022 - 23:47:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :