سی سی اے انڈر 19 ٹورنامنٹ کے لیے 93 سکواڈز کا اعلان

جمعہ 20 مئی 2022 11:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن انڈر19 ٹورنامنٹ کے لیے بلوچستان، سینٹرل پنجاب، خیبرپختونخوا، ناردرن، سندھ اور سدرن پنجاب کی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے 93 سکواڈز کا اعلان کردیا ہے۔ پچاس اوورز پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ (کل) ہفتہ سے شروع ہوکر 4 جون تک جاری رہے گا۔ترجمان کے مطابق ٹورنامنٹ کے لیے اعلان کردہ سکواڈز میں وہ کھلاڑی شامل ہیں جو یکم ستمبر 2003 کو یا اس کے بعد یا یکم ستمبر 2007 سے پہلے پیدا ہوئے ہیں۔

یہ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کرے گا جس میں عمدہ کارکردگی کی بدولت انہیں پی سی بی انڈر 19 تھری ڈے اور انڈر 19 ون ڈے ٹورنامنٹس کے علاوہ پاکستان جونیئر لیگ میں جگہ بنانا بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

تمام سکواڈز کا انتخاب اوپن ٹرائلز کے ذریعے میرٹ کی بنیاد پر کیاگیا ہے۔ گزشتہ سی سی اے انڈر 19 ٹورنامنٹس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وہ کھلاڑی جو اب بھی عمر کی مقررہ حد پر پورا اترتے ہیں انہیں اس مرتبہ بھی سکواڈز کا حصہ بنایا گیا ہے۔

کھلاڑیوں کی صحت کی حفاظت کے پیش نظرپی سی بی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو میچ کے دوران اپنا سر فلاپی ٹوپی سے ڈھانپے رکھنے اور گیلے تولیے استعمال کرنے کی ترغیب دے گا۔اس سلسلے میں میچز کے اوقات کار بھی موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دئیے گئے ہیں۔ تمام میچز صبح 8:30 بجے سے دوپہر 1 بجے تک جاری رہیں گے۔ دوپہر 1 سے 4 بجے تک میچز میں وقفہ ہوگا، جو دوبارہ 4 بجے شروع ہوکر شام 6:30 بجے تک جاری رہیں گے۔ پی سی بی کا پارٹنر کرک ایچ کیو اس ٹورنامنٹ کی براہ راست سکورنگ کرے گا۔
وقت اشاعت : 20/05/2022 - 11:00:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :