چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب کورنگی ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ میں لانڈھی جمخانہ اور اقبال الیون نے اپنے میچ جیت لئے

ہفتہ 21 مئی 2022 00:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2022ء) چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب کورنگی ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن شپ میں لانڈھی جمخانہ اور اقبال الیون نے اپنے میچ جیت لئے۔تفصیلات کے مطابق کورنگی کریک گرانڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں لانڈھی جمخانہ نے راجپوت ہاکی کلب کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دیدی, پہلے ہاف کے اختتام پر راجپوت کلب کو 1-2 کی برتری حاصل تھی تاہم دوسرے ہاف میں لانڈھی جمخانہ نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور مقابلہ 2-4 سے اپنے نام کرلیا۔

فاتح ٹیم کے عثمان علی نے دو مبشر احمد اور محسن نے ایک ایک گول کئے۔ راجپوت کلب کے فاروق احمد اور ہاشم نے گیند کو جال کی راہ دیکھا کر خسارہ کم کرنے کی کوشش کی۔اس سے قبل میچ کے مہمان خاص افتخار سرغنا نے ہٹ لگا کر میچ کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی کا قومی کھیل کی بحالی کے لئے آگے آنا خوش آئند ہے۔دوسرے میچ میں اقبال الیون نے ایس آر سی کلب کو سنسنی خیز مقابلے میں 2-3 سے شکست دیکر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی، پہلے ہاف کے اختتام پر فاتح ٹیم کو 0-1 گول کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں اقبال الیون مزید دو گول کرنے میں کامیاب رہی تاہم اس دوران ایس آر سی کلب نے ہمت نہیں ہاری. جنید شامی اور تنویر احمد کے گول کی مدد سے مقابلہ خسارہ کم کرنے کی بھر پور کوشش کی تاہم اقبال الیون نے مقابلہ 2-3 سے جیت لیا فاتح ٹیم کے محمد آغا، بلال اور مرتضی نے ایک ایک گول اسکور کئے۔

میچ کے مہمان خاص اسکوارڈن لیڈر ظہیر احمد نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ہمیشہ قومی کھیل کے فروغ کے لئے اقدامات کئے۔ چیف آف آرمی اسٹاف انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی چیمپئن سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔
وقت اشاعت : 21/05/2022 - 00:12:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :