ایشیاء ہاکی کپ کا پہلا میچ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین (آج) پیر کو کھیلا جائیگا

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے چار بجے شام کو کھیلا جائیگا پاکستان ہاکی ٹیم بھرپور تیاریوں اور جذبے کیساتھ بھارت کے خلاف میدان میں اترے گی، کپتان کی گفتگو

اتوار 22 مئی 2022 15:25

جکارتہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2022ء) ایشیاء ہاکی کپ کا پہلا میچ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین (آج) پیر کو کھیلا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں جاری ایشیاء ہاکی کپ کا پہلا بڑا مقابلہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین (آج) پیر کو پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے چار بجے شام کھیلا جائے گا،مذکورہ میچ ایف آئی ایچ کی آفیشل یوئوب چینل و ویب سائٹ سے براہ راست دیکھا جاسکے گا پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عمر بھٹہ نے میچ کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایشیاء ہاکی کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ بھارت کیساتھ کھیلنے جارہا ہے،سب جانتے ہیں پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلے جانے والا میچ ہمیشہ سے دلچسپ اور سنسنی خیز ہوتا ہے، انشاء اللہ پاکستان ہاکی ٹیم بھرپور تیاریوں اور جذبے کیساتھ بھارت کے خلاف میدان میں اترے گی. قوم کی دعاؤں سے تمام کھلاڑی اپنا بہترین کھیل پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے ایشیا ء ہاکی کپ کے شیڈول کے مطابق ایونٹ ٹیموں کو دو پول میں تقسیم کیا گیا،پول اے میں انڈیا ،جاپان،پاکستان ، انڈونیشیا جبکہ پول بی میں ملائیشیا ،کوریا ،عمان اور بنگلا دیش شامل ہیں۔پاکستان اپنا پہلا میچ 23 مئی کو روایتی حریف بھارت کے ساتھ کھیلے گا،پاکستان کا دوسرا میچ 24 مئی کو انڈونیشیا کیساتھ ،تیسرا میچ 26 مئی کو جاپان کیساتھ کھیلے گا۔
وقت اشاعت : 22/05/2022 - 15:25:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :