خیبرپختونخوا روایتی گیمز ، بنوں نے کبڈی ایونٹ جیت لیا

ڈائریکٹر سپورٹس آپریشن خیبرپختونخوا عزیز اللہ جان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے

پیر 23 مئی 2022 19:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2022ء) بنوں نے لکی مروت کو 33 کے مقابلے میں 35 پوائنٹس سے ہراکر ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام جاری روایتی گیمز بنوں ریجن کا کبڈی ایونٹ جیت لیا۔ ڈائریکٹر سپورٹس آپریشن خیبرپختونخوا عزیز اللہ جان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس جمشید بلوچ، چیف کوچ شفقت اللہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اشفاق، سابق ڈسٹرکٹ سپورٹس افسر انور رشید ،ڈی ایس او کرک امیر زاہدشاہ، ڈی ایس او ٹانک عادل شاہ، سابق ڈی ایس او حبیب اللہ، ڈی ایس او بنوں عظمت علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

منڈان پارک بنوں میں منعقدہ کبڈی میچ کو بیس ہزار سے زائد تماشائیوں نے دیکھا،اور دونوں ٹیموں کو بھرپور داد دی جس میں بنوں کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو پوائنس سے ٹرافی اپنے نام کرلی ، بنوں نے 35 جبکہ لکی مروت نے 33 پوائنٹس حاصل کئے ۔

(جاری ہے)

۔ اس موقع پر بچوں کے درمیان رسہ کشی اور بنوں میں کھیلے جانے والے دیگر روایتی کھیلوں کے مقابلے بھی کرائے گئے ڈائریکٹر سپورٹس عزیز اللہ جان نے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ان میں انعامات تقسیم کئے۔

میچ میں سید سلطان بری اور ملنگ جان نے آفیشلز کے فرائض انام دیئے آرگنائزنگ کمیٹی میں برکت اللہ، انور اللہ اور انوررشید شامل تھے۔بنوں کے عوام نے روایتی گیمز کودوبارہ زندہ کرنے اور اس کے فروغ کیلئے ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے اس اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کے مستقبل میں بھی اس قسم کے ایونٹس کا انعقاد کیاجائیگا ۔

اس موقع پر ڈائریکٹرآپریشن سپورٹس خیبرپختونخوا عزیز اللہ جان نے کہا کہ صوبے بھر میں روایتی کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، تمام ریجن میں مقابلے جاری ہیں جن کی فاتح ٹیموں کے درمیان صوبائی سطح کے مقابلے کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقابلوں میں شریک کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے آخر میں ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خیبرپختونخوا خالد خان کا شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں سے خیبرپختونخوا میں کھیلوںکے میدان آباد ہیں اور کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔
وقت اشاعت : 23/05/2022 - 19:03:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :