ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں (کل) جمعرات کو چار میچوں کا فیصلہ ہوگا، پاکستان اپنا تیسرا میچ جاپان کے خلاف کھیلے گا

بدھ 25 مئی 2022 10:40

جکارتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2022ء) ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام مینز ہاکی ایشیا کپ ٹورنامنٹ انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں جاری ہے ، میگا ایونٹ میں بدھ کو ایک روز آرام کے بعد کل( جمعرات کو) مزید چار میچز کھیلے جائیں گے ۔ اس سلسلے میں پول اے کا پہلا میچ پاکستان اور جاپان کے درمیان کھیلا جائے گا، پاکستان کی ٹیم اب تک دو میچز کھیل چکی ہے ، پہلے پول میچ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا جبکہ دوسرے میچ میں گرین شرٹس نے میزبان انڈونیشیا کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-13گول سے شکست دی تھی۔

پول اے کا دوسرا میچ دفاعی چیمپئن بھارت اور میزبان انڈونیشیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اسی پول بی کا پہلا میچ اومان اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلا جائے گا اور پول بی کا دوسرا میچ ملائیشیا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

میگا ایونٹ میں ایشیا کی 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے نبرد آزما ہیں ، بھارتی ٹیم ٹائٹل کے دفاع کے لئے کوشاں ہے ۔

ایشیا کپ ہاکی ٹونامنٹ کا آغاز 1982 میں ہوا ۔ بھارت 2017 کا ایڈیشن جیتنے والا دفاعی چیمپئن ہے۔ جنوبی کوریا کی ٹیم کو سب سے زیادہ چار مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں تین تین مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیت چکی ہیں۔ٹورنامنٹ میں شامل 8 ٹیموں کو دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان کو پول اے میں میزبان انڈونیشیا، بھارت اور جاپان کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ پول بی میں ملائیشیا، جنوبی کوریا، اومان اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔\932
وقت اشاعت : 25/05/2022 - 10:40:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :