ٹیسٹ سیریز میں زیادہ ٹیسٹ میچز ہونے چاہئیں ،بابر اعظم

ویمن کرکٹ کا دنیا میں بہت ٹیلنٹ ہیں ان کی سیریز زیادہ سے زیادہ کرانے کی ضرورت ہے، کرکٹ ٹیم کے کپتان کی گفتگو

بدھ 25 مئی 2022 14:47

ٹیسٹ سیریز میں زیادہ ٹیسٹ میچز ہونے چاہئیں ،بابر اعظم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2022ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہاہے کہ ٹیسٹ سیریز میں زیادہ ٹیسٹ میچز ہونے چاہئیں ،ویمن کرکٹ کا دنیا میں بہت ٹیلنٹ ہیں ان کی سیریز زیادہ سے زیادہ کرانے کی ضرورت ہے۔ ایک انٹرویو میں کپتان بابر اعظم نے کہا کہ اس وقت فرنچائز کرکٹ بہت زیادہ ہو رہی ہے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقبول بھی ہے تاہم میں نہیں سمجھتا کہ ٹیسٹ کرکٹ متاثر ہو رہی ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں شائقین کی دلچسپی برقرار ہے کیونکہ ٹیسٹ میچز میں بھی سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے ہو رہے ہیں۔

بابر اعظم نے کہا کہ میں اس بات پر زور دوں گا کہ سیریز میں ٹیسٹ میچز بڑھانے کی ضرورت ہے، ابھی ٹیسٹ میچز کم ہو رہے ہیں، 2 تین ٹیسٹ میچز کی بجائے سیریز میں تعداد 4 یا 5 ہونی چاہیے، اس سے ٹیسٹ میچز کی مقبولیت برقرار رہے گی اور جو خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فرنچائز کرکٹ سے ٹیسٹ کرکٹ متاثر ہو جائے گی اس کی بھی نفی ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فرنچائز کرکٹ کھیلنے والوں کا بھی اتنا ہی امپیکٹ ہے جتنا ٹیسٹ کرکٹرز کا ہے۔

تینوں فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ویمن کرکٹ کو سب کی سپورٹ چاہیے، اس وقت ویمن لیگ کرکٹ ہونا شروع ہو گئی ہیں، ان کے ورلڈ کپ بھی باقاعدگی سے ہوتے ہیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ویمن کرکٹ کو سیریز کم ملتی ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ویمن کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ ہے، انہیں کم مواقع ملتے ہیں اور ان کی باہمی سیریز زیادہ سے زیادہ ہونی چاہئیں، جتنی زیادہ بین الاقوامی سطح پر ویمن کرکٹ ہو گی اتنا ویمن کرکٹ کو فروغ ملے گا اور ویمن کرکٹرز میں جذبہ بڑھے گا۔بابر اعظم نے کہا کہ امید ہے اس حوالے سے فیصلہ سازی کرنے والے حکام ضرور دھیان دیں گے۔
وقت اشاعت : 25/05/2022 - 14:47:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :