ایمی سیٹرتھویٹ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

جمعرات 26 مئی 2022 14:20

ویلنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2022ء) نیوزی لینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کی مایہ ناز آل رائونڈر ایمی سیٹرتھویٹ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے ۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے جمعرات کو ایمی سیٹرتھویٹ کی بین الاقوامی کو خیر باد کہنے کے اعلان کی تصدیق کر دی ہے۔35 سالہ ایمی سیٹرتھویٹ نے 19 جولائی 2007 میں آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20کرکٹ میں ڈیبیو کیا اور اس کے بعد صرف دو دن بعد ہی انہوں نے 21 جولائی 2007 میں آسٹریلیا کے خلاف ہی ایک روزہ کرکٹ کا ڈیبیو کیا۔

ایمی سیٹرتھویٹ کو 145 ایک روزہ اور 111ٹی 20 میچز میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے ون ڈے کرکٹ کیریئر میں 4639 رنز سکور کئے ، ون ڈے کرکٹ میں ان کا بہترین انفرادی سکور 137 رنز ناقابل شکست ہیں جبکہ 111 ٹی 20 میچز میں 1784 رنز سکور کئے اور ناقابل شکست 71 ان کا بہترین انفرادی سکور تھا۔

(جاری ہے)

ون ڈے کرکٹ میں انہوں نے 50 وکٹیں لیں جبکہ ٹی 20 کرکٹ میں 26 وکٹیں حاصل کیں جن میں انگلینڈ کے خلاف کھیل میں17 رنز کے عوض 6کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنا ان کی بہترین بائولنگ ہے۔

ایمی سیٹرتھویٹ نے کہا کہ میرے لئے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنا انتہائی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کی طرف سے نیا معاہدہ نہ ملنے پر بہت مایوسی ہوئی لیکن میں پھر بھی نیوزی لینڈ کرکٹ کے فیصلے کا احترام کرتی ہوں ۔ایمی سیٹرتھویٹ 2018 اور 2019 میں نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم کی کپتان رہیں ہیں نے 2019 میں اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے لیے بین الاقوامی کرکٹ سے کچھ وقفہ لیا تھا۔بین الاقوامی کرکٹ چھوڑنے کے باوجود سیٹرتھویٹ اپنی ڈومیسٹک ٹیم کیٹربری میجیشینز کے لیے کھیلنا جاری رکھیں گی۔ وہ مانچسٹر اوریجنلز کے لیے رواں سال اگست میں ویمنز ہنڈریڈ میں بھی حصہ لیں گی۔
وقت اشاعت : 26/05/2022 - 14:20:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :