ملک بھر کے کرکٹ کلبز کی سکروٹنی کا عمل ضلع قصور سے شروع ہوگا، اکا ئونٹنگ فرم کی خدمات حاصل

جمعرات 26 مئی 2022 16:30

ملک بھر کے کرکٹ کلبز کی سکروٹنی  کا  عمل ضلع قصور سے شروع ہوگا، اکا ئونٹنگ فرم  کی خدمات حاصل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2022ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے شفافیت کو فروغ دینے کیلئے ملک بھر کے کرکٹ کلبز کی سکروٹنی کے لیے معروف اکا ئونٹنگ فرم کے پی ایم جی تاثیرہادی اینڈ کو کی خدمات حاصل کرلی ہیں، سکروٹنی کا یہ عمل ضلع قصور سے شروع ہوگا، جہاں یکم سے چار جون تک کل 50 کلبز کی سکروٹنی کی جائے گی،ضلع قصور کے بعد کے پی ایم جی تاثیر ہادی اینڈ کو کی جانب سے ملک بھر کے کرکٹ کلبز کی سکروٹنی کی جائے گی ، تمام چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز میں سکروٹنی کا یہ عمل چار ماہ میں مکمل ہوگا۔

کے پی ایم جی تاثیر ہادی اینڈ کو کے ساتھ معاہدہ پی سی بی کی جانب سے کلبز کو ممبرشپ دینے کے عمل کا چوتھا مرحلہ ہے، پہلے مرحلے میں تمام کلبز سے متعلق بنیادی معلومات جمع کی گئی جبکہ دوسرے مرحلے میں کھلاڑیوں سے متعلق تمام ڈیٹا جمع کیا گیا اور تیسرے مرحلے میں کلب سے پرنٹ شدہ فارمز جمع کئے گئے۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں 4022 کلبز نے رجسٹریشن کیلئے درخواست جمع کروائی تھی جو تیسرے مرحلے میں 3644 رہ گئی ہے، ان 3644 میں 813 کلبز کا تعلق خیبرپختونخوا، 770 کا سینٹرل پنجاب، 617 کا سندھ، 502 کا سدرن پنجاب، 482 کا بلوچستان اور 460 کا ناردرن ایریاز سے ہے۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پی سی بی ندیم خان کا کہنا ہے کہ کے پی ایم جی کے ساتھ معاہدہ سے کلبز کی سکروٹنی کا عمل شفاف اور منصفانہ انداز سے مکمل ہوگا، یہ عمل صرف اصل کلبز کو ہی ممبرشپ کا اہل بنائے گا جومزید باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی کرکٹ کے فریم ورک میں لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اصل کرکٹ کلبز آئندہ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کی سطح پر ہونے والے انتخابات میں بھی معاونت کریں گے۔

بعدازاں سی سی اے کے یہ الیکشنز چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے انتخاب میں مدد کریں گے ۔ پی سی بی کی کوشش ہے کہ اس عمل کو چار ماہ میں مکمل کیا جائے تاکہ ایک مضبوط کرکٹ اور انتظامی ڈھانچہ قائم کیا جاسکے ۔کے پی ایم جی تاثیر ہادی اینڈ کویہ ذمہ داری ٹینڈر کے بعد دی گئی ہے، ٹینڈر کا یہ عمل مارچ میں شروع ہوا تھا جس کی تمام تر تفصیلات پی سی بی کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔
وقت اشاعت : 26/05/2022 - 16:30:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :