پی سی بی نے ملک بھر کے کرکٹ کلبز کی سکروٹنی کے لیے معروف اکائونٹنگ فرم کے پی ایم جی کی خدمات حاصل کر لیں،ترجمان

جمعرات 26 مئی 2022 16:38

پی سی بی نے ملک بھر کے کرکٹ کلبز کی سکروٹنی کے لیے معروف اکائونٹنگ فرم کے پی ایم جی کی خدمات حاصل کر لیں،ترجمان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2022ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے شفافیت کو فروغ دینے کے لیے ملک بھر کے کرکٹ کلبز کی سکروٹنی کے لیے معروف اکائونٹنگ فرم کے پی ایم جی تاثیرہادی اینڈ کو کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔ سکروٹنی کا یہ عمل ضلع قصور سے شروع ہوگا جہاں یکم سے چار جون تک کل 50کلبز کی سکروٹنی کی جائے گی۔ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ضلع قصور کے بعد کے پی ایم جی تاثیر ہادی اینڈ کو کی جانب سے ملک بھر کے کرکٹ کلبز کی سکروٹنی کی جائے گی ۔

تمام چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز میں سکروٹنی کا یہ عمل چار ماہ میں مکمل ہوگا۔ترجمان کے مطابق اس حوالے سے تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔کے پی ایم جی تاثیر ہادی اینڈ کو کے ساتھ معاہدہ پی سی بی کی جانب سے کلبز کو ممبرشپ دینے کے عمل کا چوتھا مرحلہ ہے۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں تمام کلبز سے متعلق بنیادی معلومات جمع کی گئیں، دوسرے مرحلے میں کھلاڑیوں سے متعلق تمام ڈیٹا جمع کیا گیا جبکہ تیسرے مرحلے میں کلب سے پرنٹ شدہ فارمز جمع کیے گئے۔

پہلے مرحلے میں 4022کلبز نے رجسٹریشن کیلئے درخواست جمع کروائی تھی جو تیسرے مرحلے میں 3644 رہ گئی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ ان 3644میں کلبز میں سے 813 کا تعلق خیبرپختونخوا، 770کا وسطی پنجاب، 617کا سندھ، 502کا سدرن پنجاب، 482 کا بلوچستان اور 460کا ناردرن ایریاز سے ہے۔اس سلسلہ میں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پی سی بی ندیم خان کا کہنا ہے کہ کے پی ایم جی کے ساتھ معاہدہ سے کلبز کی سکروٹنی کا عمل شفاف اور منصفانہ انداز سے مکمل ہوگا، یہ عمل صرف اصل کلبز کو ہی ممبرشپ کا اہل بنائے گا جومزید باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی کرکٹ کے فریم ورک میں لائے گا۔

ندیم خان نے کہا کہ یہ کرکٹ کلبز آئندہ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کی سطح پر ہونے والے انتخابات میں بھی معاونت کریں گے۔ بعدازاں سی سی اے کے یہ الیکشنز چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے انتخاب میں معاون ہوں گے ۔ترجمان کے مطابق پی سی بی کی کوشش ہے کہ اس عمل کو چار ماہ میں مکمل کیا جائے تاکہ ایک مضبوط کرکٹ اور انتظامی ڈھانچہ قائم کیا جاسکے ۔انہوں نے بتایا کہ کے پی ایم جی کویہ ذمہ داری ٹینڈر کے بعد دی گئی ہے، ٹینڈر کا یہ عمل مارچ میں شروع ہوا تھاجس کی تمام تر تفصیلات پی سی بی کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔
وقت اشاعت : 26/05/2022 - 16:38:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :