بابر اعظم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور بھارت کیخلاف اچھا کھیلنے کیلئے پُرعزم

آسٹریلیا میں ہونیوالے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اچھا کھیلنے کا یقین ہے، کنڈیشنز مختلف ضرور ہیں لیکن پاکستان کیلئے مشکل نہیں ہوگی: قومی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 27 مئی 2022 12:51

بابر اعظم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور بھارت کیخلاف اچھا کھیلنے کیلئے پُرعزم
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 مئی 2022ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور بھارت کیخلاف اچھا کھیلنے کیلئے پُرعزم ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ بھارت کیخلاف میچ تاریخی ہوتا ہے، پوری دنیا پاک بھارت میچ کو دیکھتی ہے، بھارت کیخلاف میچ سے ہم بھی بہت لطف اندوز ہوتے ہیں۔ جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو میں تینوں فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اس مرتبہ بھی بھارت کیخلاف اچھی کرکٹ کھیلیں گے، ہمارے ہاتھ میں کوشش ہے، جو ہم بھارت کیخلاف کریں گے۔

اس سال ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اکتوبر نومبر میں آسٹریلیا میں کھیلا جائیگا، 23 اکتوبر کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان بڑا ٹاکرا تاریخی میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا۔

(جاری ہے)

گزشتہ برس دبئی میں کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر آؤٹ کلاس کیا تھا۔ کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں ہونیوالے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اچھا کھیلنے کا یقین ہے، کنڈیشنز مختلف ضرور ہیں، لیکن پاکستان کیلئے مشکل نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کی کنڈیشنز کو جانتا ہے کہ وہاں کیسی کرکٹ کھیلنی ہے اور کیسے کامیاب ہونا ہے۔ قومی کپتان نے کہا کہ ہم نے آسٹریلیا میں پازیٹو کرکٹ کھیلنا ہے، اس پر کام ہو رہا ہے، دبئی میں ہونیوالے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں مختلف کرکٹ کھیلنے کے عزم کے ساتھ گئے، سب ٹیمیں مقابلے کے آتی ہیں، ہم بھی مقابلے کے یقین کے ساتھ گئے، ہمارا بس یہ تھا کہ مقابلہ کرنا ہے، مختلف اور پازیٹو کرکٹ کھیلنا ہے۔ بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ اچھا کھیلنے کا یقین ہونا چاہیے، نتائج بھی مل جاتے ہیں، دبئی میں مختلف اور پازیٹو کرکٹ کھیلی سب نے سراہا۔
وقت اشاعت : 27/05/2022 - 12:51:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :