ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم کا سپن کنسلٹنٹ بننا پسند کروں گا: فواد احمد

میرے پاس آسٹریلیا میں 12،14 سال کھیلنے کا تجربہ ہے اور میں اس طرح کے حالات میں سپنرز کے فوائد اور نقصانات سے پوری طرح واقف ہوں: کینگرو لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 27 مئی 2022 14:35

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم کا سپن کنسلٹنٹ بننا پسند کروں گا: فواد احمد
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 مئی 2022ء ) پاکستان میں پیدا ہونے والے آسٹریلوی کرکٹر فواد احمد کو حال ہی میں دورہ پاکستان کے لیے آسٹریلیا کا سپن کنسلٹنٹ نامزد کیا گیا تھا کیونکہ وہ اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شرکت کر چکے ہیں اور پاکستانی پچز سے بھی بخوبی واقف ہیں ۔ ’کرکٹ پاکستان‘ ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے فواد احمد نے کوچنگ کے حوالے سے اپنے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بتایا۔

فواد احمد نے کہا کہ کھلاڑی اور پھر کوچ بننے سے لے کر ہمیشہ ایک عبوری دور ہوتا ہے تاہم میں اس عمل کو ساتھ ساتھ شروع کرنا چاہتا تھا اور میں پہلے ہی نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ مختلف کوچنگ سیشن سے گزر چکا ہوں کیونکہ ان کی تربیت کرنا آسان ہے۔ اپنے مستقبل کے منصوبے کے بارے میں بات کرتے ہوئے دائیں ہاتھ کے لیگ سپنر نے کہا کہ وہ فی الحال فرنچائز کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں بہت سے لیگ سپن کوچز نہیں ہیں لیکن میں کوچنگ میں آنے سے پہلے کم از کم 2 سے3 سال مزید فرنچائز کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔ فواد احمد نے انکشاف کیا کہ میرے لیے بطور سپن کنسلٹنٹ آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ منسلک ہونا بہت اچھا تجربہ تھا۔ یہ پہلا موقع تھا جب میں نے دیکھا کہ دروازے کے پیچھے منصوبہ بندی کیسے ہوتی ہے کیونکہ بطور ایک کھلاڑی آپ کو ان چیزوں کا مشاہدہ نہیں کرنا پڑتا تو یہ میرے لیے ایک بہت بڑا پلس پوائنٹ تھا ۔

فواد احمد نے فون کال موصول ہونے کے بعد اپنے جذبات پر مزید تبصرہ کیا جہاں کرکٹ آسٹریلیا نے انہیں پاکستان سیریز کے لیے کوچنگ سٹاف میں شامل ہونے کو کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک تاریخی سیریز تھی، مجھے یاد ہے کہ آخری بار جب آسٹریلیا نے 1998ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا تو میں نے پاکستان کی حمایت کی تھی۔ میں نے ابھی سکول ختم کیا تھا اور مجھے وہ جذبہ اب بھی یاد ہے ،میں نے مختلف آسٹریلوی کھلاڑیوں کے ساتھ بات چیت شروع کی اور ان کی توقعات کو سنبھالا۔

میں دوسری طرف ہونے کے باوجود سیریز کے کامیاب ہونے کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا فرض سمجھتا ہوں۔ آسٹریلوی حالات کے بارے میں وسیع علم رکھنے والے فواد احمد نے کہا کہ اگر انہیں آسٹریلیا کی نمائندگی کے لیے بطور کھلاڑی منتخب نہیں کیا گیا تو وہ آئندہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کا اسپن کنسلٹنٹ بننے پر خوش ہوں گے۔ فواد احمد کا کہنا تھا کہ میرے پاس آسٹریلیا میں 12،14 سال کھیلنے کا تجربہ ہے اور میں اس طرح کے حالات میں سپنرز کے فوائد اور نقصانات سے پوری طرح واقف ہوں، میں ورلڈ کپ کے دوران سپن کنسلٹنٹ کے طور پر کام کرنے کے لیے دستیاب ہوں، چاہے وہ پاکستان کے لیے ہو یا کسی اور ٹیم کے لیے، یہ میری ذاتی ترقی کے لیے بھی بہت فائدہ مند ہو گا۔
وقت اشاعت : 27/05/2022 - 14:35:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :