پی ٹی آئی کی واپسی کا خدشہ، ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز پنڈی سے ملتان منتقل

بورڈ کی جانب سے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو ای میل کردی گئی ، براڈ کاسٹرز کو بھی اپنا سامان اور کریو ملتان لانے کی ہدایت کی گئی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 27 مئی 2022 16:36

پی ٹی آئی کی واپسی کا خدشہ، ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز پنڈی سے ملتان منتقل
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 مئی 2022ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ون ڈے سیریز پنڈی سے ملتان منتقل کردی ہیں۔ ملتان میں جون کے پہلے ہفتے میں سخت گرمی ہوگی لیکن سیاسی کشیدگی کی وجہ سے پی سی بی کوئی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں ہے۔ ون ڈے میچ شام 4 بجے شروع کرنے کی تجویز ہے اور رات 12 بجے تک ختم ہوجائیںگے۔ واضح رہے کہ میچز 8، 10 اور 12 جون کو ہوں گے۔

جون میں کراچی میں شام کے اوقات میں موسم بہتر ہوتا ہے لیکن نیشنل سٹیڈیم میں پچوں کی کھدائی کے بعد اس وقت وہاں کام جاری ہے اس لئے ملتان کو میچوں کی میزبانی دی گئی ہے۔ ملتان سٹیڈیم 14 سال بعد کسی ون ڈے انٹرنیشنل کی میزبانی کریگا۔ 2008ء میں یہاں پاکستان اور بنگلہ دیش کا ون ڈے میچ ہوا تھا جبکہ پی ایس ایل 5 کے 3 میچ بھی اس گرائونڈ میں ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

بدھ کو پنڈی اسلام آباد میں ہونیوالی ہنگامہ آرائی اور 6 دن بعد پی ٹی آئی کی جانب سے مارچ کی ایک اور دھمکی کے بعد پی سی بی نے حکومت سے مشاورت کے بعد میچوں کو منتقل کردیا ہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا کے وائٹ بال میچ بھی پنڈی سے لاہور شفٹ ہوگئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے اس بارے میں حکومت سے رائے مانگی تھی۔ پی سی بی باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔

بورڈ نے ہوٹل کی بکنگ اور ایئر لائن بکنگ شروع کردی گئی ہے اور اپنے فیصلے سے ویسٹ انڈین بورڈ کو آگاہ کردیا ہے۔ 3 میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے 8 جون کو ہوگا۔ پنڈی میں ممکنہ کشیدگی کی وجہ سے حکومت نے میچ شفٹ کرنے کی اجازت دے دی ہے، سیریز بائیو سیکیور ببل کے بغیر ہوگی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے دونوں ٹیموں کو غیر ملکی سربراہوں کے مساوی سکیورٹی دی جائیگی ۔ ویسٹ انڈین ٹیم 5 جون کو ملتان پہنچے گی۔ پی سی بی حکام نے ملتان کرکٹ سٹیڈیم کی انتظامیہ کو میچز کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ بورڈ کی جانب سے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو ای میل کردی گئی ہے۔ دوسری جانب براڈ کاسٹرز کو بھی اپنا سامان اور کریو ملتان لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وقت اشاعت : 27/05/2022 - 16:36:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :