عارف بالاگام والا نے سوئٹزرلینڈ میں --ہیلوٹیا 2022 اسٹیمپ نمائش میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کردی

جمعہ 27 مئی 2022 21:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2022ء) پاکستان نے سوئٹزرلینڈ میں منعقدہ ٹکٹوں کی بین الاقوامی نمائش’’ ہیلوٹیا 2022 ‘‘میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ممتاز پاکستانی تاجر، فلاٹیلسٹ ، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ڈپلومیٹک سب کمیٹی کے سابق چیئرمین،پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین محمد عارف بالاگام والا( تمغہ امتیاز) نے پاکستان کے بارے میں نایاب ٹکٹ کلیکشن کی وسیع رینج پیش کی جسے نمائش کے شرکاء کی جانب سے بہت سراہا گیا۔

لوگانو سوئٹزرلینڈ میں 18مئی سے 22مئی تک منعقد ہونے والی ’’ ہیلوٹیا 2022 ‘‘ٹکٹوں کی بین الاقوامی نمائش میں اپنی شاندار کلیکشن کی بدولت محمد عارف بالاگام والا نے گولڈ میڈل جیت کر پہلے پاکستانی ہونے کا اعزا ز اپنے نام کرلیا ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل یہ اعزاز آج تک کسی پاکستانی کو حاصل نہیں ہو اتھا۔ عارف بالاگام وہ واحد پاکستانی ہیں جنہوں نے ٹکٹوں کی عالمی نمائشوں’’دبئی ایکسپو 22، لندن 2022، ہیلوٹیا 2022‘‘میں لگاتار 3گولڈ میڈل جیت کر دنیا بھر میں پاکستان نام روشن کیا۔

گولڈ میڈل ونر محمد عارف بالاگام والا( تمغہ امتیاز) نے اپنی کامیابی پاکستان کے نام کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے ملک پر بہت فخر ہے جس نے انہیں آج یہ مقام اور عزت بخشی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے آئندہ بھی کوششیں جاری رکھیں گے اورپاکستان کا سافٹ امیج دنیا کے سامنے اجاگر کریں گے۔
وقت اشاعت : 27/05/2022 - 21:22:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :