سرباز خان اور شہروز کاشف نے دنیا کی 5ویں بلند ترین چوٹی سر کرلی

دونوں کوہ پیماؤں نے ہفتے کی صبح 6 بجکر 56 منٹ پر 8463 میٹر بلند چوٹی مکالو سرکی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 28 مئی 2022 11:51

سرباز خان اور شہروز کاشف نے دنیا کی 5ویں بلند ترین چوٹی سر کرلی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 مئی 2022ء ) پاکستانی نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف اور سرباز خان نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔ پاکستانی کوہ پیماؤں شہروز کاشف اورسربازخان نے دنیا کی 5 ویں بلند ترین چوٹی مکالو سرکرنے کا کارنامہ انجام دے دیا۔ دونوں کوہ پیما ہفتے کی صبح 6 بجکر 56 منٹ پرنیپال میں واقع 8463 میٹر بلند چوٹی مکالو پرپہنچنے میں کامیاب ہوئے۔

شہروز کاشف دنیا کے پہلے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے جنہوں نے دنیا کی 5 بلند ترین چوٹیوں پر ملکی پرچم لہرانے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ لاہور سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ شہروز کاشف ماؤنٹ مکالو سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما بھی ہوگئے ۔ شہروز کاشف آٹھ ہزار میٹر سے بلند 14 میں سے مجموعی طور پر 7 چوٹیوں کو سر کرچکے ہیں، لاہور سے تعلق رکھنے والے نوجوان کوہ پیما بلند ترین 7 چوٹیاں سر کرنے والے تیسرے پاکستانی ہیں، ان سے قبل صرف محمد علی سدپارہ اور سرِباز خان یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

(جاری ہے)

شہروز نے اس ہی ماہ تیسری بلند ترین چوٹی کنچن جونگا اور چوتھی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ لوٹسے کو بھی سر کیا تھا جس کے ساتھ وہ 23 دن میں آٹھ ہزار سے بلند تین پہاڑوں کو سر کرنے والے پہلے پاکستانی بھی ہوگئے، شہروز اس سے قبل ماؤنٹ ایوریسٹ اور کے ٹو کے علاوہ مناسلو اور بروڈ پیک بھی سر کرچکے ہیں۔ ۔ گلگت کے 33 سالہ سرباز علی خان نے 8 ہزار میٹر سے بلند 14 میں سے 11ویں چوٹی کو سر کرلیا ہے، سرباز نے چند روز قبل دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کنچن جونگا کو بھی سر کیا تھا، ان کےکیریئر میں بلند ترین 14 چوٹیوں میں سے گیشربرم ون، شیش پنمگا اور چو ایو کو سر کرنا باقی رہ گیا۔

وہ اس سے قبل ماؤنٹ ایوریسٹ، کے ٹو، کینچنُ جونگا، لوٹسے، داولاگیری، مناسلو، نانگا پربت، اناپورنا، براڈ پیک اور گیشربرم ٹو سر کرچکے ہیں۔
وقت اشاعت : 28/05/2022 - 11:51:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :