کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ڈیپارٹمنٹل ہاکی ٹیم کے قیام کا اعلان کردیا

ہفتہ 28 مئی 2022 23:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2022ء) کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) نے ڈیپارٹمنٹل ہاکی ٹیم کے قیام کا اعلان کردیا۔ وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے گورننگ بورڈ کے اجلاس کے موقع پر ہاکی ٹیم کے قیام کا اعلان کیا اور کھلاڑیوں میں تقرر نامے تقسیم کئے۔ ہاکی ٹیم کے لئے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں شاہ زیب خان(کپتان)عبدالواہاب، علیان احمد، حارث نصیر، شاہ زیب ارباب، علی اقبال، شیخ محمد عبداللہ، ارسلان حیدر، منیر عباس، ایم عدنان، سید مصطفی زیدی، عبدالرضوان خان، زعفیر احمد، ایم ماذ رضا، ایس حسن مصطفی،عدنان خان، محسن نواز اور عبدالرافیع شامل ہیں۔

اس موقع پر وزیر بلدیات ناصر شاہ نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل تھا اور رہے گا۔

(جاری ہے)

ہمارا شاندار ماضی ہمارے کامیاب مستقبل کا ضامن بنے گا، قومی کھیل کی بحالی ہم سب کا مشترکہ مشن ہے۔ ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے سید محمد علی شاہ نے کہا کہ تقرر ناموں کے مطابق اعلان کردہ 18 کھلاڑیوں کو ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔ ٹیم کو بہت جلد تجربہ کار کوچز کی خدمات بھی حاصل ہوجائیں گی،ہاکی اور کرکٹ کی ٹیموں کے قیام کے بعد دیگر کھیلوں کے حوالے سے پلان ترتیب دے رہے ہیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن وومن ونگ کی جنرل منیجر سندھ، چیئرپرسن کے ایچ اے و صوبائی وزیر ترقی نسواں سیدہ شہلا رضا نے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے سید محمد علی شاہ کو ڈیپارٹمنٹل ہاکی ٹیم کے قیام پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قومی کھیل کی اصل خدمت کھلاڑیوں کی سرپرستی کرنا اور ان کی مالی مشکلات کا حل نکالنا ہے، ناصر شاہ اور ان کی ٹیم نے بڑا کام کیا ہے۔

ٹیم کے قیام پر اولمپئنز سمیع اللہ، اصلاح الدین، حنیف خان، ناصر علی، چیئرمین کے ایچ اے گلفراز خان نے وزیر بلدیات اور ڈی جی کے ڈی اے کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اولمپیئنز نے کہا کہ کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے ان کی خدمات ہر لمحہ حاضر ہیں۔پی ایچ ایف کے کوآرڈینیٹر و کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری حیدر حسین نے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سید محمد علی شاہ کا محکمے میں ہاکی ٹیم کے قیام پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

حیدر حسین کا کہنا ہے کہ وزیر بلدیات کی ہدایت پر ڈی جی کے ڈی اے نے قومی کھیل کے لئے جس محبت اور خلوص کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔ کے ڈی اے ہاکی ٹیم کے لئے کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس ہر وقت دستیاب ہے، ہم سب کا مشن صرف اور صرف قومی کھیل کی بحالی ہے۔
وقت اشاعت : 28/05/2022 - 23:11:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :