آسٹریلوی کھلاڑی اپنی سکیورٹی کے باعث عوام کو پیش آنیوالی مشکلات سے آگاہ تھے : فواد احمد

میں نے کئی آسٹریلوی کھلاڑیوں کو اس بارے میں بات کرتے سنا کہ ان کی آمد کی وجہ سے لوگوں کو کس طرح تکلیف ہو رہی ہے کیونکہ وہ اپنے اندر اس قسم کا شعور رکھتے ہیں: لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 28 مئی 2022 19:02

آسٹریلوی کھلاڑی اپنی سکیورٹی کے باعث عوام کو پیش آنیوالی مشکلات سے آگاہ تھے : فواد احمد
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 مئی 2022ء ) آسٹریلیا کے لیگ سپنر فواد احمد جو کہ دورہ پاکستان میں سپن باؤلنگ کنسلٹنٹ کے طور پر آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ تھے ،نے انکشاف کیا کہ آسٹریلوی کھلاڑی پاکستانی عوام کے لیے ہمدردی کا اظہار کرتے رہے اور اس بارے میں بھی بات کی کہ کس طرح ان کے آنے سے راستوں پر ٹریفک جام ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات پیش آئیں ۔

کرکٹ پاکستان کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں بات کرتے ہوئے 40 سالہ لیگ سپنر نے کہا کہ آسٹریلیا کو ان کے دورہ پاکستان کے دوران "صدارتی سطح کی سکیورٹی" فراہم کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سکیورٹی حیرت انگیز تھی، حکومت اور پی سی بی دونوں نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے لاکھوں ڈالر خرچ کیے کہ سیریز آسانی سے کھیلی جاسکے اور انہوں نے ہمیں صدارتی سطح کی سکیورٹی کی پیشکش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے کئی آسٹریلوی کھلاڑیوں کو سنا جنہوں نے اس بارے میں بات کی کہ ان کی آمد کی وجہ سے لوگوں کو کس طرح تکلیف ہو رہی ہے کیونکہ وہ اپنے اندر اس قسم کا شعور رکھتے ہیں۔ یہ بہت اچھا ہوگا اگر پی سی بی واقعی سٹیڈیم کے ساتھ ہوٹل بنانے کے اپنے منصوبوں پر عمل درآمد کرے ، اس طرح وہ روزانہ کی بنیاد پر سکیورٹی پر خرچ ہونے والی رقم کو کم کرسکتا ہے۔

یاد رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے تقریباً 24 سال بعد پاکستان کا دورہ کیا اور اس نوجوان نسل کے کھلاڑیوں کے لیے تاریخی سیریز کا حصہ بننا اعزاز کی بات ہے۔ فواد احمد کا کہنا تھا کہ پاکستانی کراؤڈ کی بھرپور حمایت سے آسٹریلوی کھلاڑی حیران رہ گئے۔ ہوم ٹیم کے حمایتیوں نے آسٹریلوی کھلاڑیوں کے لیے زبردست حمایت کا مظاہرہ کیا۔ ہجوم سے نکلتے وقت شائقین ’ آسٹریلیا،آسٹریلیا‘ کے نعرے لگا رہے تھے جو ان کھلاڑیوں کے لیے بھی کچھ نیا تھا کیونکہ وہ بھارت، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ جیسے ممالک میں تماشائیوں کی جانب سے دشمنی کے عادی ہیں۔

دورے کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی اپنے سوشل میڈیا پر مختلف کھانے پوسٹ کرتے نظر آئے۔ فواد احمد نے کہا کہ کھلاڑیوں نے کھانے کے معیار کے بارے میں بہت زیادہ بات کی اور دعوی کیا کہ یہ برصغیر کے دیگر ممالک کے مقابلے بہت بہتر ہے۔ وہ خاص طور پر اسلام آباد اور لاہور کے کھانے سے لطف اندوز ہوئے۔
وقت اشاعت : 28/05/2022 - 19:02:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :