قومی ویمنز ٹیم نے سری لنکا کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی سیریز 3-0 سے اپنے نام کرلی

ہفتہ 28 مئی 2022 23:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2022ء) قومی ویمنز کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو تیسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں شکست دے کر سیریز 3-0 سے اپنے نام کرلی، قومی ٹیم نے 108 رنز کا ہدف دلچسپ مقابلے کے بعد آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، بسمہ معروف کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ جبکہ طوبیٰ حسن کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

ہفتہ کو سائوتھ اینڈ کلب کراچی میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی سیریز کے آخری میچ میں مہمان ٹیم سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے۔ ابتدا میں سری لنکن کپتان چماری اتھاپتھو اور حسینی پریرا نے پہلی وکٹ کی شراکت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 69 رنز بنکر پوزیشن مضبوط کرلی تاہم 16.4 اوورز میں 83 رنز پر ان کے 7 کھلاڑی آئوٹ ہوگئے ۔

(جاری ہے)

سری لنکن ٹیم کی پانچ کھلاڑی رن آئوٹ ہوئیں۔ خواتین کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں یہ 14واں موقع تھا جب ایک اننگز میں پانچ بلے باز رن آئوٹ ہوئے جس میں دوسری بار سری لنکا شامل ہے۔ ایک اننگز میں سب سے زیادہ رن آئوٹ کا ریکارڈ 6 میانمار کے خلاف سنگاپور کے پاس ہے، انہوں نے اپریل 2019 میں9 وکٹ پر 86 رنز بنائے تھے۔ حسینی پریرا 24 اور چماری 37 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں۔

ان دونوں کے آئوٹ ہونے کے بعد سری لنکن ویمنز ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ نیلاکشی 9 ، اوشادی رانا سنگھے صفر، ہرشیتھا ایک ، کویشا دلہاری اور کنچنا دو دو رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں۔ انوشکا سنجیوانی 14 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہیں جبکہ سوگندیکا 10 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں۔ قومی ٹیم کی بائولر طوبیٰ حسن، کائنات امتیاز اور ندا ڈار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکن ویمنز ٹیم کا 108 رنز کا ہدف قومی ویمنز ٹیم نے دلچسپ مقابلے کے بعد اننگز کی آخری بال پر حاصل کرلیا جبکہ ابھی اس کی 4 وکٹیں باقی تھیں۔ قومی ٹیم کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب اوپنرز منیبہ علی نے 25، ارم جاوید 10 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں۔ قومی ویمنز ٹیم نے اپنے ابتدائی دس اوورز میں صرف 45 رنز بنائے۔ اس کے بعد عالیہ ریاض ، عائشہ نسیم اور ندا ڈار نے سکور کو آگے بڑھایا لیکن دونوں جلد ہی آئوٹ ہوگئیں۔

عالیہ ریاض 17 ، عائشہ نسیم 10 اور ندا ڈار 14 رنز بنا سکیں۔ قومی ویمنز ٹیم کو آخری اوور میں 8 رنز درکار تھے، کپتان بسمہ معروف نے اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا۔ قومی ٹیم کی کپتان بسمہ معروف 15 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہیں۔ سری لنکن بائولر اوشادی راناسنگھے نے 18 رنز کے عوض 3 جبکہ کویشا دلہاری نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس طرح قومی ویمنز ٹیم نے آخری ٹی ٹونٹی میں چار وکٹوں سے فتح حاصل کرکے سیریز میں 3-0 سے کلین سویپ کیا۔ کپتان بسمہ معروف کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ میچ جبکہ طوبیٰ حسن کو سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ واضح رہے دونوں ٹیمیں اب آئی سی سی ویمنز چیمپئنز میچز میں یکم، 3اور 5جون کو آمنے سامنے ہوں گی۔ تمام میچز اسی مقام پر کھیلے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 28/05/2022 - 23:36:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :