ٹیسٹ رینکنگ ، بابر اعظم کی 5ویں پوزیشن برقرار، باولرز میں شاہین کا چوتھا نمبر

لٹن داس 5 درجے ترقی کرکے 12ویں نمبر پر آگئے ،مشفیق الرحیم 8 درجے ترقی کے بعد مشترکہ طور پر 17ویں پوزیشن پر قابض، اینجلو میتھیوز 6 درجے ترقی کے بعد 15 ویں پوزیشن پر براجمان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 1 جون 2022 16:04

ٹیسٹ رینکنگ ، بابر اعظم کی 5ویں پوزیشن برقرار، باولرز میں شاہین کا چوتھا نمبر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم جون 2022ء ) بنگلہ دیش کی جوڑی لٹن داس اور مشفیق الرحیم اور سری لنکا کے اینجلو میتھیوز نے تازہ ترین اپ ڈیٹ کے بعد ٹیسٹ بلے بازوں کے لیے ٹاپ 20 میں بڑی پیش رفت کی ہے۔ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں شاندار بلے بازی کرنے والے لٹن داس پانچ درجے ترقی کرکے 12ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ ان کی ٹیم کے ساتھی کھلاڑی مشفیق الرحیم جو سیریز کے دوران 5000 ٹیسٹ رنز بنانے والے بنگلہ دیش کے پہلے بلے باز بنے ، 8 درجے ترقی کے بعد مشترکہ طور پر 17ویں پوزیشن پر پہنچے ہیں ۔

اینجلو میتھیوز نے اس ٹیسٹ سیریز کو دو سنچریوں کے ساتھ ختم کیا اور 344 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بننے کے انعام کے طور پر انہوں نے تازہ ترین درجہ بندی میں 6 درجے ترقی کے بعد 15 ویں پوزیشن اپنے نام کی ۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کے دائیں ہاتھ کے مارنس لبوشین بدستور دنیا کے نمبر 1 بلے باز ہیں، سٹیو سمتھ، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن، انگلینڈ کے جو روٹ اور پاکستانی کپتان بابر اعظم ٹاپ 5 میں شامل دیگر بلے باز ہیں ۔

سری لنکا کے تیز گیند باز کاسن راجیتھا تازہ ترین باؤلنگ رینکنگ میں متاثر کن 17 درجے ترقی کے بعد 45 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ آسیتھا فرنینڈو جنہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوران 13 وکٹیں حاصل کیں نے بھی بڑی پیش قدمی کی اور 44 درجے ترقی کر کے 52 ویں نمبر پر آ گئے۔ آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں جب کہ ہندوستانی جوڑی روی چندرن ایشون اور جسپریت بمراہ بھی ان سے کچھ زیادہ پیچھے نہیں ہیں، پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی نے چوتھی پوزیشن سنبھال رکھی ہے۔
وقت اشاعت : 01/06/2022 - 16:04:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :