عمر اکمل نے 11 لاکھ روپے کے فراڈ کیس میں سینئر پولیس افسر کے رویے کیخلاف شکایت درج کرادی

ملزم سمیر نے 5 کروڑ کا فراڈ کیا، تھانہ ڈیفنس بی میں مقدمہ درج کرایا تاہم تفتیشی افسر طارق نے ملزم کا نام نکال دیا ،ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ حمزہ امان اللہ کے پاس جاکر2 گھنٹے انتظار کیا لیکن ملاقات نہ ہوسکی :قومی کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 7 جون 2022 15:12

عمر اکمل نے 11 لاکھ روپے کے فراڈ کیس میں سینئر پولیس افسر کے رویے کیخلاف شکایت درج کرادی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 جون 2022ء ) پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) انویسٹی گیشن کے پاس 11لاکھ روپے کے فراڈ کیس کی پیشرفت کے حوالے سے شکایت درج کرائی ہے۔ ٹیسٹ کرکٹر نے تعاون نہ کرنے پر سپرنٹنڈنٹ پولیس کینٹ لاہور کے خلاف شکایت کی ہے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق قومی کرکٹر نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن عمران کشور سے ملاقات کی اور بتایا کہ مقدمہ درج ہوئے 8 ماہ ہوگئے لیکن پولیس تعاون نہیں کررہی۔

عمر اکمل کا مزید کہنا تھا کہ ملزم سمیر نے 5 کروڑ روپے کا فراڈ کیا۔ تھانہ ڈیفنس بی میں 11لاکھ روپے کا مقدمہ درج کرایا تھا تاہم تفتیشی افسر طارق نے ملزم کا نام نکال دیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ عمر اکمل نے شکایت کی کہ وہ ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ حمزہ امان اللہ کے پاس گئے اور دو گھنٹے انتظار کیا لیکن ان سے ملاقات نہ ہوسکی۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی انویسٹی گیشن عمران کشور نے قومی کرکٹر کو یقین دلایا کہ محکمہ اس معاملے کو میرٹ پر حل کرے گا اور ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ عمر اکمل کو فروری 2014ء میں قبل ٹریفک وارڈن ذیشان کو مارنے اور سگنل کی خلاف ورزی پر روکنے کے بعد اس کی وردی پھاڑنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ گزشتہ ماہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل کو تین دیگر کرکٹرز کے ساتھ لاہور کے گرم موسم میں فٹنس ٹیسٹ کے لیے طلب کیا تھا۔ مڈل آرڈر بلے باز نے آخری بار 2019ء میں آسٹریلیا کے دورے پر پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
وقت اشاعت : 07/06/2022 - 15:12:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :