اسرائیلی شہری رواں سال فیفا فٹبال ورلڈکپ 2022ء کے میچز دیکھنے جاسکیں گے

فٹبال، کھیل سے محبت لوگوں، ریاستوں کو جوڑتی ہے ، نومبر میں ہونے والے ورلڈکپ کے باعث قطر سے تعلقات کا نیا باب کھلے گا: اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لاپیڈ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 10 جون 2022 11:40

اسرائیلی شہری رواں سال فیفا فٹبال ورلڈکپ 2022ء کے میچز دیکھنے جاسکیں گے
دوحا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 جون 2022ء ) اسرائیلی شہری قطر میں ہونے والے فیفا فٹبال ورلڈکپ 2022ء کے میچوں کو دیکھنے کے لیے جاسکیں گے۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لاپیڈ، وزیر دفاع بینی گینز اور وزیر کھیل چلی ٹراپر نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ فٹ بال کی عالمی فیڈریشن فیفا کے ساتھ کئی ماہ تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد اسرائیلی ٹیم اور سپورٹرز کو قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈکپ 2022ء کے لیے ملک میں جانے کی اجازت مل گئی ہے۔

اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لاپیڈ نے کہا کہ فٹبال اور کھیل سے محبت لوگوں اور ریاستوں کو جوڑتی ہے اور نومبر میں ہونے والے ورلڈکپ کے باعث قطر سے تعلقات کا نیا باب کھلے گا۔ واضح رہے کہ اسرائیل کی فٹبال ٹیم عالمی کپ کے فائنل مقابلے کھیلنے کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ قطر کے دو خلیجی عرب ہمسایوں بحرین اور متحدہ عرب امارات نے پونے دو سال قبل اسرائیل کے ساتھ تاریخی معاہدوں پردست خط کیے تھے۔ اس کے برعکس قطر نے ابھی تک اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار نہیں کیے ہیں البتہ ان کے درمیان غیر رسمی روابط وتعلقات جاری ہیں۔ قبل ازیں گزشتہ ماہ اسرائیل نے تل ابیب سے دوحا کیلئے براہ راست پروازوں کے لیے قطر سے رابطہ کیا تھا۔
وقت اشاعت : 10/06/2022 - 11:40:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :