یاسر شاہ سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم میں کم بیک کرنے کیلئے تیار

شان مسعود کو ٹیسٹ سکواڈ میں برقرار رکھا جائیگا، سلیکشن کمیٹی اوپنر کو پلیئنگ الیون میں شامل کرنے کے حوالے سے انتظامیہ سے مشاورت کریگی ،کامران غلام کے نام پر بھی غور

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 10 جون 2022 12:55

یاسر شاہ سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم میں کم بیک کرنے کیلئے تیار
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 جون 2022ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے ممکنہ طور پر ایشیا کپ 2022ء سے قبل شیڈول سری لنکا کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے تجربہ کار لیگ اسپنر یاسر شاہ کو قومی اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ لیگ سپنر 2014ء میں اپنے ڈیبیو کے بعد سے ٹیسٹ ٹیم کا لازم حصہ رہے ہیں لیکن فٹنس کے مسائل نے انہیں ڈومیسٹک سرکٹ میں واپس جانے اور اپنی فٹنس پر کام کرکے اپنی فارم دوبارہ حاصل کرنے پر مجبور کردیا۔

ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ابتدائی مشاورت مکمل کر لی ہے اور لیگ اسپنر قومی سیٹ اپ میں واپس آسکتے ہیں۔ بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل کہا تھا کہ یاسر شاہ کھیلنے کے لیے فٹ نہیں ہیں تاہم اسی ماہ پاکستان کپ کے دوران انہوں نے شاندار پرفارمنس دیتے ہوئے 22.66 کی اوسط سے 24 وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

رپورٹس میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ شان مسعود کو سکواڈ میں برقرار رکھا جائے گا، جبکہ کمیٹی شان مسعود کو پلیئنگ الیون میں شامل کرنے کے حوالے سے انتظامیہ سے مشاورت کرے گی۔ شان مسعود آسٹریلیا سیریز کا حصہ تھے لیکن انہیں پلیئنگ الیون میں موقع نہیں ملا۔ پاکستان سپر لیگ اور کاؤنٹی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہ اچھی فارم میں نظر آرہے ہیں۔ اس دوران بتایا گیا کہ سکواڈ کے لیے کامران غلام کے نام پر بھی غور کیا جا رہا ہے اور چیف سلیکٹر محمد وسیم، کوچ ثقلین مشتاق اور کپتان بابر اعظم سے مشاورت کے بعد ٹیم کو حتمی شکل دی جائے گی۔
وقت اشاعت : 10/06/2022 - 12:55:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :