پاکستان کی پہلی خاتون ایم ایم اے فائٹر نے آسٹریلین حریف کو شکست دے دی

انیتا کریم نے آسٹریلیا کی یوئن ہا کو کو چاروں شانے چت کردیا، انہیں متفقہ طور پر میچ کا فاتح قرار دیا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 13 جون 2022 14:21

پاکستان کی پہلی خاتون ایم ایم اے فائٹر نے آسٹریلین حریف کو شکست دے دی
بنکاک (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 جون 2022ء ) پاکستان کی پہلی خاتون مکسڈ مارشل آرٹس (MMA) فائٹر انیتا کریم نے بنکاک کے لمپینی سٹیڈیم میں فیئر ٹیکس فیئر پروموشن کے تحت کھیلے گئے میچ میں انیتا نے آسٹریلیا کی یوئن ہا کو کو چاروں شانے چت کردیا اور انہیں متفقہ طور پر میچ کا فاتح قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہنزہ سے تعلق رکھنے والی فائٹر نے بینڈ وڈتھ فائٹ کے تینوں راؤنڈز میں اپنے حریف کو شکست دی اور ان کے بھائی نے سوشل میڈیا پر اپ ڈیٹ کے ذریعے سب کو ان کے اس کارنامے کے حوالے سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ انیتا اس مشہور سٹیڈیم میں فائٹ کا اعزاز حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی اور واحد ایم ایم اے فائٹر ہیں۔
اس کے بعد انیتا نے خود بھی اپنی فتح سے متعلق اپ ڈیٹ کی اور اور ساتھ میں میچ کا ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا بہت شکر ہے اور سب لوگوں کا شکریہ جنہوں نے محبت دی اور تعاون کیا، انہوں نے اس یادگار فتح پر اپنی ٹیم کو بھی سراہا۔

سوشل میڈیا صارفین نے بھرپور جوش و جذبے سے فائٹ کرنے والی قوم کی اس بیٹی کو شاندار پرفارمنس پر مبارکباد دی۔ انیتا کریم پاکستان کی پہلی انٹرنیشنل ایم ایم اے فائٹر ہیں جو متعدد قومی اور بین الاقوامی مقابلے جیت چکی ہیں۔ ’’آرم کلیکٹر‘‘ کے نام سے مشہور ہنزہ سے تعلق رکھنے والی فائٹر نے اپنے کیریئر میں کئی اعزازات حاصل کیے ہیں۔

وہ 2019ء میں ون واریر سیریز (OWS) میں انڈونیشیا کی حریف گیتا سہارسونو کو شکست دینے کے بعد لائم لائٹ میں آئیں۔ جب انیتا ہنزہ سے اسلام آباد آئیں تو انہیں اعلیٰ تعلیم کے حصول اور ایم ایم اے فائٹر میں سے کسی ایک کے انتخاب کی پیشکش کی گئی اور انہوں نے اس مشکل راہ میں حائل چیلنجز کے باوجود ایم ایم اے فائٹر بننے کا انتخاب کیا۔ انہوں نے اپنے بھائیوں علومی کریم، احتشام کریم اور علی سلطان کے ساتھ مل کر ’فائٹ فورٹریس‘ نامی ایم ایم اے جم کی بنیاد رکھی جو پاکستان میں ایم ایم اے کے پہلے ٹریننگ سینٹرز میں سے ایک ہے۔ ابتدائی طور پر ان کے پاس ٹریننگ کے لیے کوئی خاتون ساتھی نہ تھا تو انہوں نے اپنے بھائی احتشام اور دیگر مرد ساتھیوں کے ساتھ مل کر تیاری کی ۔
وقت اشاعت : 13/06/2022 - 14:21:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :