بابر اعظم اور ویرات کوہلی کا ایفرو ایشیاء کپ میں ایک ہی ٹیم کیلئے کھیلنے کا امکان

بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی، ویرات کوہلی اور روہت شرما جیسے کھلاڑی ایک ہی ٹیم کے لیے کھیل سکتے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 17 جون 2022 16:15

بابر اعظم اور ویرات کوہلی کا ایفرو ایشیاء کپ میں ایک ہی ٹیم کیلئے کھیلنے کا امکان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 جون 2022ء ) پاکستان اور بھارت کے سٹار کرکٹرز ایفرو ایشین کپ میں ایک ہی ٹیم میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں، جو ممکنہ طور پر 2023ء کے وسط میں شیڈول ہے جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات کو بہتر کرنا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ، ویرات کوہلی اور روہت شرما جیسے کھلاڑی ایک ہی ٹیم کے لیے کھیل سکتے ہیں۔

پڑوسی ممالک کے درمیان سیاسی اختلافات کا کرکٹ پر خاصا اثر پڑا ہے، کیونکہ وہ صرف میگا ایونٹس میں ایک دوسرے کا سامنا کرتے ہیں۔ پاکستان اور بھارت نے آخری بار 13-2012ء میں دو طرفہ سیریز کھیلی تھی۔ اس کے علاوہ 2008ء کے بعد سے کسی پاکستانی کرکٹر نے انڈین پریمیئر لیگ میں حصہ نہیں لیا اور کسی بھی بھارتی کرکٹر نے پاکستان سپر لیگ میں حصہ نہیں لیا۔

(جاری ہے)

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ دونوں ممالک کے کھلاڑی 2005ء اور 2007ء میں کھیلے گئے ایفرو ایشیا کپ میں ایک ہی ٹیم میں شامل ہوئے تھے۔ 2000ء کی دہائی کے وسط میں پاکستان کے شعیب اختر اور شاہد آفریدی نے ہندوستان کے وریندر سہواگ اور راہول ڈریوڈ کے ساتھ ایک ڈریسنگ روم شیئر کیا تھا جب کہ افریقی الیون میں جنوبی افریقہ، زمبابوے اور کینیا کے کھلاڑی شامل تھے۔ آئندہ آئی سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ کے دوران ایفرو ایشین کپ سمیت دیگر اقدامات کو زیر بحث لایا جائے گا۔ اس سال کے شروع میں پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور ہندوستان کے چتیشور پجارا کاؤنٹی چیمپئن شپ 2022ء میں سسیکس کے لیے کھیلے تھے جہاں دونوں بلے بازوں نے ڈرہم کے خلاف 154 رنز کی شراکت داری قائم کی ۔
وقت اشاعت : 17/06/2022 - 16:15:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :