اولمپئن ارشد ندیم، ریسلر انعام بٹ سمیت گیارہ اتھلیٹس کے ڈوپ ٹیسٹ،چار اتھلیٹس کے ڈوپ سمپلز جمع کرنا باقی

پاکستان اسپورٹس بورڈ دس اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن پانچ ڈوپ ٹیسٹ کے اخراجات برداشت کرے گی

پیر 27 جون 2022 14:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2022ء) کامن ویلتھ گیمز کیلئے اولمپئن ارشد ندیم، ریسلر انعام بٹ سمیت گیارہ اتھلیٹس کے ڈوپ ٹیسٹ کرلیے گئے ،چار اتھلیٹس کے ڈوپ سمپلز جمع کرنا باقی ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اینٹی ڈوپنگ ایجنسی آف پاکستان کی ٹیم نے گزشتہ روز لاہور میں کامن ویلتھ گیمز کی تیاریوں میں مصروف اولمپئن ارشد ندیم سمیت چھ ریسلرز اور ایک ویٹ لفٹر حیدر علی کے ڈوپنگ سمپلز لیے، اس سے پہلے ہفتے کو اسلام آباد میں جاری کیمپس میں شریک دو باکسرز اور ایک اسکواش کھلاڑی کا ڈوپ ٹیسٹ ہوا تھا۔

ذرائع کے مطابق اب ڈوپنگ ٹیم گوجرانوالہ میں ٹریننگ کرنے والے دو ویٹ لیفٹرز اور ایبٹ آباد میں جاری ہاکی ٹیم کے کیمپ میں سے بھی دو کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ لے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان اسپورٹس بورڈ دس اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن پانچ ڈوپ ٹیسٹ کے اخراجات برداشت کرے گی۔رپورٹ کے مطابق ڈوپنگ سمپلز کو بیرون ملک ٹیسٹنگ کے لیے بھجوایا جائے گا، منتظمین کو قومی دستے کی 23 جولائی کو برمنگھم روانگی سے پہلے ٹیسٹنگ رپورٹس ملنے کا یقین ہے۔پاکستان کا ایک سو چار رکنی دستہ ان گیمز میں حصہ لے رہا ہے۔ ڈوپ ٹیسٹ صرف ان کھلاڑیوں کے کیے جارہے ہیں جن سے میڈلز کی امید ہے۔ذرائع نے بتایاکہ کامن ویلتھ گیمز کو ڈوپ فری بنانے کے لیے ہر ملک دستے میں شامل اپنے اتھلیٹس کی ڈوہنگ ٹیسٹنگ کروار رہا ہے۔
وقت اشاعت : 27/06/2022 - 14:25:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :