ثقلین مشتاق اور مشتاق احمد کی نگرانی میں اپنی گگلی پر کام کر رہا ہوں : یاسر شاہ

ٹیم میں واپسی کے بعد مجھے بابر اعظم سے بات کرکے اعتماد ملا، اس نے مجھے ایک ہی لائن اور لینتھ پر باولنگ کرنے کو کہا ہے: لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 27 جون 2022 15:48

ثقلین مشتاق اور مشتاق احمد کی نگرانی میں اپنی گگلی پر کام کر رہا ہوں : یاسر شاہ
(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 جون 2022ء ) قومی ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ نے تقریباً ایک سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں کامیاب واپسی کے بعد ٹیم کے کپتان بابر اعظم سے ہونے والی گفتگو کا انکشاف کیا ہے۔ سری لنکا سیریز سے قبل تیاری کے کیمپ کے دوران پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے یاسر شاہ نے کہا کہ میری واپسی کے بعد مجھے بابر اعظم سے بات کرنے کا موقع ملا جس سے مجھے اعتماد ملتا ہے، اس نے مجھے ایک ہی لائن اور لینتھ پر باولنگ کرنے کو کہا ہے۔

بابر اعظم کو آسٹریلیا سیریز کے دوران پاکستان کپ میں شاندار کارکردگی کے باوجود فٹنس مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے یاسر شاہ کو نظر انداز کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ بین الاقوامی میدان میں واپسی کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یاسر نے کہا کہ انہوں نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کنڈیشنگ کیمپ میں اپنی فارم دوبارہ حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کی ہے۔

(جاری ہے)

وہ اس وقت اپنی گوگلی پر دو سابق سپنرز ثقلین مشتاق اور مشتاق احمد کی نگرانی میں کام کر رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے این ایچ پی سی میں کنڈیشنگ کیمپ کا انعقاد کیا، جس میں 61 کھلاڑیوں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔ 27 کرکٹرز کے پہلے گروپ نے 15 سے 25 مئی تک شرکت کی جبکہ 34 کرکٹرز کے دوسرے گروپ نے 26 مئی سے 10 جون تک کیمپ میں شرکت کی۔

پاکستان کپ کے دوران اپنی حالیہ کارکردگی پر بات کرتے ہوئے یاسر شاہ نے کہا کہ میں نے ڈومیسٹک وائٹ بال کرکٹ میں پرفارمنس دی اور ہر فارمیٹ میں کھیلنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ یاسر شاہ نے اپنی انجری کے بارے میں بھی بات کی جس نے انہیں گزشتہ سال قومی ٹیسٹ سیٹ اپ سے دور رکھا اور کہا کہ اسے ٹھیک ہونے میں تقریباً ایک سال لگا۔ یاسر شاہ پاکستان کے 16-2015ء کے دورہ سری لنکا کے دوران بہت متاثر کن باولر رہے تھے جہاں وہ تین میچوں میں 19.33 کی اوسط سے 24 وکٹیں لے کر سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے۔
وقت اشاعت : 27/06/2022 - 15:48:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :