عیسیٰ لیب باسکٹ بال ٹورنامنٹ ،فائنل کل کھیلا جائیگا

منگل 28 جون 2022 17:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2022ء) عیسیٰ لیب باسکٹ بال ٹورنامنٹ کافائنل (کل) بدھ کو کھیلا جائے گا۔ عثمان باسکٹ بال کلب ڈسٹرکٹ سینٹرل کے زیر اہتمام انٹر نیشنل عبدالناصر باسکٹ بال کورٹ پر ''چھٹا عیسیٰ لیب ٹرافی باسکٹ بال ٹورنامنٹ 2022''کے فائنل کی لائن اپ مکمل ہوگئی،آخری لیگ میچ میں کراچی باسکٹ بال کلب نے فتح حاصل کرکے گروپ چمپئن اور فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ۔

ٹورنامنٹ کا گرین فائنل (آج) بدھ کی رات8بجے کھیلا جائیگا۔اختتامی تقریب میں ڈپٹی کمشنر سائوتھ کیپٹن (ریٹائرڈ ) عبدالستار عیسانی کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔ ٹورنامنٹ کے آخری لیگ میچ میں کراچی باسکٹ بال کلب نے مد مقابل آرام باغ باسکٹ بال کلب کو 37کے مقابلے میں 42باسکٹ پوائنٹس سے مات دیکر فائنل تک رسائی حاصل کرلی ،فاتح کلب کی جانب سے سعد شمسی ،15،راج کمار لکھوانی 12اور زین العابدین نے 10جبکہ رنر اپ کلب کی جانب سے یش کمار 12،حسن علی 10اور عبدالصمد نے 8باسکٹ اسکور کئے۔

(جاری ہے)

کھیلے گئے دوسرے میچ میں میزبان عثمان باسکٹ بال کلب نے مد مقابل کراچی کولٹس باسکٹ بال کلب کو 38کے مقابلے میں 45باسکٹ پوائنٹس سے شکست دیدی ،فاتح کلب کی جانب سے نبیل احمد 18،حمزہ خواجہ 11اور مبریز احمد نے 8جبکہ رنر اپ کلب کی جانب سے شہزاد عباسی 10،سمیر سلیم 10اور حذیفہ احمد نے 8باسکٹ اسکور کرکے نمایاں کھلاڑی رہے ۔میچ سے قبل مہمان خصوصی انٹر نیشنل شیر خان سے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا۔ اس موقع پر کے بی بی اے کے صدر غلام محمد خان ،پی پی پی ڈسٹرکٹ سائوتھ شعبہ خواتین کی سیکریٹری اطلاعات نائمہ بریڑو ،سماجی رہنماء محمد سلیم خمیسانی ،SOAکے ماسٹر اصغر بلوچ ،پاکستان یوگا اسپورٹس فیڈریشن کے سیکریٹری اطلاعات محمد ارشد اور دیگر موجود تھے ۔
وقت اشاعت : 28/06/2022 - 17:57:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :