نیشنل انڈر 19 کپ کا پہلاراونڈ، خیبرپختونخوا ، سینٹرل پنجاب اور سندھ کی بلیوز اور وائٹس ٹیموں نے اپنے میچز جیت لیے

بدھ 29 جون 2022 00:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2022ء) نیشنل انڈر 19 کپ کے پہلے راونڈ میں خیبرپختونخوا بلیوزاور وائٹس، سینٹرل پنجاب بلیوزاور وائٹس، سندھ بلیوز اور وائٹس نے اپنے میچز جیت لیے۔ایوب پارک گراؤنڈ اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا بلیوز نے سدرن پنجاب بلیوز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اوپنر آفاق خان نے 118 گیندوں پر 10 چوکوں اور 10 چھکوں کی بدولت 141 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

رانا نوید اکیڈمی شیخوپورہ میں کھیلے گئے میچ میں سندھ وائٹس نے اوپنر علی اسحاق کی 152 گیندوں پر 2 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 161 رنز کی بدولت ناردرن وائٹس کو 53 رنز سے ہرادیا، نعمان علی 72 رنز بنا کر ناٹ آٹ رہے، ناردرن وائٹس کی جانب سے داد نذر نے 69 اور شاہ میر علی نے 62 رنز اسکور کیے۔

(جاری ہے)

نیشنل کرکٹ گرانڈ میں کھیلے گئے میچ میں سندھ بلیوز نے ناردرن بلیوز کو 4 وکٹوں سے ہرادیا۔

اسیر مغل کی 5 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 117 رنز کی عمدہ اننگز بھی ناردرن کو شکست سے بچا نا پائی۔ فاتح ٹیم کے فاسٹ باولر آفتاب نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ سندھ کے ہارون ارشد نے ناقابل شکست 53 اور آرباز خان نے 51 رنز بنائے۔ہاوس آف ناردرن اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب بلیوز نے بلوچستان بلیوز کو 135 رنز سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم کے میڈیم پیسر ساریہ خان نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

سینٹرل پنجاب کے آذان اویس اور محمد وقاص نے بالترتیب 88 اور 82 رنز اسکور کیے۔ بلوچستان کے باسط علی 77 رنز بناکر نمایاں رہے۔ایل سی سی اے گروانڈ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب وائٹس نے بلوچستان وائٹس کو 170 رنز سے شکست دے دی۔ اسپنر حسن علی نے بلوچستان کے 5 شکار کیے۔فاتح ٹیم کے عثمان ندیم نے 84 اور علی رزاق نے 51 رنز اسکور کیے۔ بلوچستان کے حکمت اللہ 52 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔سعید اجمل اکیڈمی فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا وائٹس نے سدرن پنجاب وائٹس کو 135 رنز سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کے احمد حسین 66 اور عباس علی 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔
وقت اشاعت : 29/06/2022 - 00:16:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :