لیجنڈ کوچ رولنٹ اولٹمنز کی تربیت سے ہاکی کے کھلاڑیوں کے کھیل میں بہتری آئیگی،سیکرٹری سپورٹس پنجاب

بدھ 29 جون 2022 00:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2022ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام اور رانا ظہیر ہاکی اکیڈمی کے تعاون سے ہاکی کا دو ہفتے کا تربیتی کیمپ ختم ہوگیا ہے،تربیتی کیمپ میں لیجنڈ ڈچ کوچ رولنٹ اولٹمنز نے کوچز اور کھلاڑیوں کو جدید ہاکی کے بارے میں تربیت دی، مہمان خصوصی سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب اسد اللہ فیض نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم پچ ٹو میں منعقد ہونیوالی اختتامی تقریب میں شرکت کرنیوالے کوچز اور کھلاڑیوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر،ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن،رانا ظہیرودیگر بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب اسد اللہ فیض نے کہا ہے کہ ہاکی کے ترقی کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے ہاکی کا تربیتی کیمپ کا انعقاد کرکے ہاکی کے لئے اہم کام سرانجام دیا ہے، کیمپ میں لیجنڈ ڈچ کوچ رولنٹ اولٹمنز نے کھلاڑیوں کو جدید ہاکی کے بارے میں تربیت دی ہے جس سے ہمارے کوچز اور کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی، کھلاڑیوں نے کیمپ میں بہت اچھے نظم وضبط کامظاہرہ کیا ہے، امید ہے کھلاڑی اور کوچز کیمپ سے حاصل کرنیوالی تربیت سے استفادہ کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے اور پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

(جاری ہے)

ڈچ کوچ رولنٹ اولٹمنز نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیمپ میں کھلاڑیوں اور کوچز نے لگن اور شوق کے ساتھ تربیت حاصل کی ہے جس پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کیمپ میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑی بہت ٹیلنٹڈ اورشائنگ سٹار ہیں، ان میں سے ہاکی کے سٹار بن کر چمکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا جدید ہاکی کے ذریعے آگے بڑھ رہے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے تربیتی کیمپ کا انعقاد ہاکی کی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ہے، پاکستانی عوام سپورٹس سے محبت کرنیوالے ہیں، یہاں جتنی محبت ملی ہے اسے ہمیشہ یاد رکھوں گا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہاکی لیجنڈڈچ کوچ رولنٹ اولٹمینزہالینڈ،بھارت اور ملایشیا سمیت کئی ممالک کے کوچ رہے ہیں،سپورٹس بورڈ پنجاب نے ان کو خصوصی طور پر کھلاڑیوں اور کوچز کی تربیت کے لئے پاکستان مدعو کیا۔
وقت اشاعت : 29/06/2022 - 00:16:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :