نیشنل انڈر 19 کپ، سندھ بلیوزاورسینٹرل پنجاب بلیوزنے اپنے اپنے میچز جیت لیے

ہفتہ 2 جولائی 2022 23:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2022ء) نیشنل انڈر 19 کپ تیسرے راونڈ میں سندھ بلیوز، سینٹرل پنجاب بلیوز، ناردرن وائٹس، بلوچستان بلیوز، خیبرپختونخوا وائٹس اور سدرن پنجاب وائٹس نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ ٹورنامنٹ میں سینٹرل پنجاب بلیوز، سندھ بلیوز اور خیبرپختونخوا وائٹس کی ٹیمیں اب تک ناقابل شکست ہیں۔ نیشنل کرکٹ گراونڈ میں کھیلے گئے میچ میں سندھ بلیوز نے سدرن پنجاب بلیوز کو 98 رنز سے ہرادیا۔

کپتان سعد بیگ کی 75 گیندوں پر ایک چھکے اور 13 چوکوں کی بدولت 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ سعد بیگ کی یہ ٹورنامنٹ کی دوسری سنچری ہے۔ ایوب پارک گراونڈ اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب بلیوز نے خیبرپختونخوا بلیوز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک اسکور سے شکست دے دی۔

(جاری ہے)

فاتح ٹیم کے عبید شاہد 63 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

کے پی کے حسیب خان نے ناٹ آوٹ 59 رنز بناکر میچ کو دلچسپ ضرور بنایا تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔سعید اجمل اکیڈمی فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن وائٹس نے بلوچستان وائٹس کو 5 وکٹوں سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم کے اسپنرز صدیس اور عبدالباسط نے مجموعی طور پر 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ہاوس آف ناردرن اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان بلیوز نے ناردرن بلیوز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کے سجاد علی نے 22 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اوپنر باسط علی 77 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ناردرن کے عفان اسحاق کی نصف سنچری رائیگاں گئی۔
وقت اشاعت : 02/07/2022 - 23:17:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :