قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کااجلاس ،پی سی بی رواں سال کے آخر میں آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے مضبوط ٹیم تیار کرے گی،رمیزراجہ

پیر 4 جولائی 2022 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2022ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رواں سال کے آخر میں آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے مضبوط ٹیم تیار کرے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے پیر کو یہاں منعقدہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں بتایا کہ قومی ٹیم کو ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے آسٹریلیا سے مٹی لائی جائے گی اور یہاں پر پچز بناکر کھلاڑیوں کی تربیت کرائیں گے،ہماری ٹیم کو آسٹریلیا میں ورلڈ کپ کے میچز کھیلنا ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ کھلاڑی اسی طرز کی گرائونڈز پرتربیت حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس لیے ہم آسٹریلیا سے مٹی اور کیوریٹر لائیں گے تاکہ وہاں کی طرح پچیں تیار کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی نواب شیر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس ہوا جس میں رکن اسمبلی وجیہہ قمر، سیدہ نوشین افتخار، چوہدری ذوالفقار علی بھنڈر، ذوالفقار علی بہان، شاہدہ رحمانی اور ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے شرکت کی۔

بین الصوبائی رابطہ کی وزارت کے سیکرٹری، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اور دیگر حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔چیئرمین پی سی بی جن کے پاس ملک میں کرکٹ کے کھیل کو فروغ دینے کے لیے بہت سی چیزیں موجود ہیں، نے کمیٹی کو بورڈ کے کام اور کامیابیوں سے آگاہ کیا۔کھیل کا گراف اوپر جا رہا ہے، ہم آئی سی سی کی رینکنگ میں بہتری لے رہے ہیں اور جیتنے کا تناسب 75 فیصد ہے۔

ہمارے ذخائر بڑھ رہے ہیں اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا سیزن بھی بہت اچھا گزرا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اکتوبر میں پاکستان جونیئر لیگ اور فروری میں پاکستان ویمن لیگ کا آغاز کریں گے۔رمیز راجہ نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے میں بہتری کی ضرورت ہے، ہمیں اسٹیڈیم کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم بالترتیب پنڈی اور کراچی کے اسٹیڈیم میں نئی ​​کرسیاں اور 110 سے زائد کرکٹ کلبوں میں نئی ​​پچز لگائیں گے۔

پی سی بی اپنے بجٹ کا 75 فیصد کرکٹ پر خرچ کر رہا ہے۔بلٹ پروف گاڑی رکھنے سے متعلق سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں ہیں اس لیے گاڑی استعمال کرنی پڑی۔پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے بارے میں بات کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ انگلش اور نیوزی لینڈ یہاں پاکستان کے خلاف اضافی میچ کھیلیں گے۔کرکٹر شاہنواز دہانی کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں باصلاحیت کھلاڑی سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس سندھ اور بلوچستان کے ساتھ زمینوں کی ترقی کے منصوبے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ماہ پی سی بی 100 سے زائد کھلاڑیوں کو بھی تیار کرے گا جنہیں مفت تعلیم، تربیت اور وظیفہ ملے گا۔چیئرمین پی سی بی نے کمیٹی سے درخواست کی کہ وہ گرائونڈ کی لیز پر جلد عمل میں لانے میں بورڈ کی مدد کرے۔ یہاں تک کہ گرائونڈ پر پچ بچھانے میں بھی چھ ماہ لگتے ہیں اور اگر لیز کا عمل تیز ہو جائے تو ہم گرائونڈ پر جلد سے جلد کام کر سکتے ہیں۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر ندیم خان نے کمیٹی کو کھیل کے فروغ اور بہتری کے لیے صوبوں کے ساتھ جاری مختلف منصوبوں پر بھی بریف کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم اس جمعرات کو پنجاب حکومت کے ساتھ کھیل کی بہتری کے لیے 33 گرائونڈزکے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کریں گے۔اجلاس میں ایم این اے ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے پی سی بی کی سالانہ آمدن، اخراجات، تنخواہوں، الاؤنسز، بورڈ کے چیئرمین اور ملازمین کی مراعات سے متعلق سوالات کے جوابات طلب کئے ، لیکن بورڈ کی جانب سے اطمینان بخش جوابات نہیں دئیے جا سکیں ۔

دریں اثناء سابق رکن قومی اسمبلی مرحوم اقبال محمد علی کی طرف سے پیش کردہ سپورٹس بل 2020 میں جرائم کی روک تھام سے متعلق ایجنڈا آئٹم واپس کر دیا گیا۔کمیٹی اراکین نے سابق ایم این اے مرحوم اقبال محمد علی کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی، جو کھیلوں کے معاملات میں بہت بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے اور سپورٹس حکام کو ٹف ٹائم دینے کے لیے کمیٹی کے اجلاسوں میں ہمیشہ موجود رہتے تھے۔

کمیٹی اراکین نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر کی اجلاس میں عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کیا۔کمیٹی کے چیئرمین اور ممبران نے قومی کھیل کے امور پر پی ایچ ایف کے سیکرٹری آصف باجوہ کی بات سننے سے انکار کر دیا۔ سیکرٹری آصف باجوہ نے کمیٹی کو اگلے اجلاس میں صدر کی موجودگی کی یقین دہانی کرائی۔
وقت اشاعت : 04/07/2022 - 23:40:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :