قومی انڈر 19 کپ، سندھ بلیوز نے بلوچستان بلیوز، سینٹرل پنجاب بلیوز نے سدرن پنجاب بلیوز، ناردرن بلیوز نے خیبرپختونخوا بلیوز کو ہرا دیا

منگل 5 جولائی 2022 13:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2022ء) قومی انڈر 19 کپ 2022/23 میں سندھ بلیوز نے بلوچستان بلیوز، سینٹرل پنجاب بلیوز نے سدرن پنجاب بلیوز اور ناردرن بلیوز نے خیبرپختونخوا بلیوز کو شکست دے دی، پی سی بی کے زیراہتمام انڈر 19 ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں، ایوب پارک، گرائونڈ، راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ بلیوز نے بلوچستان بلیوز کو 5 وکٹوں سے شکست دی، بلوچستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے، اکرام اللہ ترین نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست 130 رنز بنائے، حمید کریم نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جواب میں سندھ بلیوز نے مطلوبہ ہدف 41.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، حبیب اللہ نے 108 اور سعد بیگ نے 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

راول کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب بلیوز نے سدرن پنجاب بلیوز کے خلاف 153 رنز سے فتح حاصل کی، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے، کپتان عبید شاہد نے 90 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، محمد شان نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، سدرن بلیوز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 25.4 اوورز میں 83 رنز پر ڈھیر ہو گئی، حسیب جاوید 16 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، ارحم نواب اور علی اسفند نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں۔
وقت اشاعت : 05/07/2022 - 13:20:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :