انگلینڈ نے بھارت کو ایجبسٹن ٹیسٹ میں 7وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کردی، جونی بیرسٹو اور جو روٹ کی شاندار سنچریاں

منگل 5 جولائی 2022 23:23

برمنگھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2022ء) انگلینڈ نے جو روٹ اور جونی بیرسٹو کی شاندارسنچریوں بیٹنگ کی بدولت ایجبسٹن ٹیسٹ میں بھارت کو باآسانی7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز2-2 سے برابر کردی، انگلینڈ نے بھارت کی جانب سے دیا گیا ریکارڈ378 رنز کا ہدف3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، جو روٹ اور جونی بیرسٹو نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست269 رنز بناکربھارت کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، جونی بیرسٹو کو میچ اور جو روٹ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

منگل کو ایجبسٹن، برمنگھم میں کھیلے گئے پانچویں ری شیڈولڈ ٹیسٹ میچ کے آخری روز انگلینڈ نے اپنے گزشتہ روز کے سکور 269 رنز تین کھلاڑی آئوٹ پر دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیاتو جوروٹ 76اور جونی بیرسٹو72رنزکے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کو آخری روز فتح کے لئے 119 رنز درکار تھے، جو روٹ اور جونی بیرسٹو نے گزشتہ روز کے رنز کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے سکور کو تیزی سے آگے بڑھایا، کوئی بھارتی بائولر دونوں بیٹرز کو رنز بنانے سے نہ روک سکا۔

دونوں بیٹرز نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 269رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلوائی، اس طرح انگلینڈ نے 378 رنز کا تاریخ ساز ہدف باآسانی حاصل کرکے سیریز 2-2 سے برابر کردی، روٹ نے 142 اور بیرسٹو نے 114 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ بھارت کی جانب سے کپتان جسپریت بمراہ نے دوسری اننگز میں دو وکٹیں حاصل کیں۔جونی بیرسٹو کو دونوں اننگز میں شاندارسنچریاں بنانے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ جو روٹ کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ سے نوازا گیا، انہوں نے سیریز میں 737رنز بنائے جس میں ان کی چار شاندار سنچریاں بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ بھارت نے پہلی اننگز میں 416 اور دوسری اننگز میں 245 رنز بنائے جبکہ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 284 رنز بنائے تھے۔
وقت اشاعت : 05/07/2022 - 23:23:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :