جو ٹریلر دیکھا کافی ہے، بیٹے کو اگلی مہم جوئی سے منع کروں گا،والد شہروز کاشف

شہروز کاشف کے لاپتہ ہونے کے بعد جو 14 گھنٹے گزرے وہ انتہائی اذیت ناک تھے،والد شہروز

بدھ 6 جولائی 2022 23:10

جو ٹریلر دیکھا کافی ہے، بیٹے کو اگلی مہم جوئی سے منع کروں گا،والد شہروز کاشف
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2022ء) کم عمر ریکارڈ ہولڈر کوہ پیما شہروز کاشف کے والد کاشف سلمان نے کہا ہے کہ ہم نے تکلیف کا جو ٹریلر دیکھا ہے وہی کافی ہے، بیٹے کو منانے کی کوشش کروں گا کہ عید ہمارے ساتھ کرے۔کاشف سلمان نے بتایاکہ شہروز کاشف اور فضل علی کیمپ تھری میں پہنچ چکے ہیں، اطالوی کوہ پیماؤں نے دوربین کے ذریعے دونوں کوہ پیماؤں کی نشاندہی کی، اب وہ خطرے سے باہر ہیں اور یہی ہمارے لیے اطمینان بخش ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہروز کاشف کے لاپتہ ہونے کے بعد جو 14 گھنٹے گزرے وہ انتہائی اذیت ناک تھے، میں نے زندگی میں ایسا اذیت ناک وقت نہیں دیکھا، جب پتہ چلے کہ آپ کابیٹا لا پتہ ہو گیا ہے، ایسے میں باپ کیسے سو کر رات گزار سکتا ہے۔کاشف سلمان نے کہا کہ یہ سوچنا تکلیف دہ تھا لیکن دونوں کوہ پیماؤں نے اپنے اعصاب پر قابو پایا، مضبوطی دکھائی اور رات گزاری اور اپنی مدد آپ کے تحت کیمپ تھری میں پہنچے۔

(جاری ہے)

شہروز کاشف کے والد نے کہا کہ کوہ پیمائی میرے بیٹے کا اپنا شوق ہے، میں اس کو کوہ پیمائی سے نہیں روک سکتا، شہروز نے 11 برس کی عمر سے کوہ پیمائی شروع کی، اس نے نانگا پربت سر کرنے کے بعد جی ون اور جی ٹو کی مہم پر جانا ہے لیکن اب ہم شہروز کاشف کو لینے کے لیے جا رہے ہیں۔ریکارڈ یافتہ پاکستانی کوہ پیما کے والد کا کہنا تھا میں شہروز کو منانے کی کوشش کروں گا کہ میری خاطر ابھی اگلی مہم سے رک جائے، میں کہوں گا کہ وہ جی ون اور جی ٹو اگلے برس سر کر لے، ہمارے لیے اتنا ہی بہت ہے جو ہم نے تکلیف کا یہ ٹریلر دیکھ لیا، ملوں گا تو کہوں گا کہ اس بار رک جاؤ، آؤ ہمارے ساتھ عید مناؤ، یہ مہم اگلے برس کر لینا۔

یاد رہے کہ شہروز کاشف نے گزشتہ روز نانگا پربت سر کی تھی اور واپس آتے ہوئے لاپتہ ہو گئے تھے تاہم آج صبح ان کے والد کاشف سلمان نے جیو نیوز کو بتایا تھا کہ ان کے بیٹے کا پتہ چل گیا ہے اور وہ کیمپ تھری کی جانب رواں دواں ہیں۔
وقت اشاعت : 06/07/2022 - 23:10:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :